نوٹ بند ی سے شہر کی منڈیوں میں مزدوروں، تاجروں کی مشکلوں میں اضافہ
03:51PM Sat 19 Nov, 2016
نئی دہلی، (ایف اویس)
دہلی کی پھل اور سبزی منڈیوں میں مزدوروں اور کاروباریوں کومودی حکومت کے نوٹ بند ی کے فیصلہ کی وجہ سے بھاری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تھوک مارکیٹ میں فروختگی گھٹ گئی ہے اور یومیہ مزدوروں کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔پھل اور سبزیوں کے لیے ایشیا کے سب سے بڑے تھوک بازار آزاد پور منڈی میں تارکین وطن مزدوروں کو کام کے انتظار یا بقایے کو لے کر ادھر ادھر خالی بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔اتر پردیش کے رہنے والے ایک مزدور ہنومان نے کہاکہ پہلے ہماری ٹھیک ٹھاک کمائی ہو جاتی تھی لیکن اب کام نہیں ہونے سے 200روپے یا 300روپے بھی ملنے میں دقت آ رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کاروباری ہمیں بقایا 500روپے یا 1000کے نوٹ کی شکل میں دیتے ہیں یا نہیں تو پھر ہفتہ کے اختتام تک انتظار کرنے کو کہہ رہے ہیں ۔اعظم گڑھ سے آئے پنٹو، بیریندر سب کی کہانی ایک جیسی ہی ہے۔کام کے انتظار میں منڈی میں گھومنا پڑ رہا یا پھر ایسے ہی چکر کاٹنا پڑ رہاہے ۔آزاد پور منڈی کے تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نوٹ بند کرنے کے اعلان کے بعدفروختگی گھٹ گئی ہے ۔