شعبہ اسلامک اسٹڈیز، اردو یونیورسٹی میں قرآن کے تاریخی مقامات پر دستاویزی پیش کش
03:00PM Fri 24 Mar, 2017
حیدرآباد (بھٹکلیس نیوز)شعبہ اسلامک اسٹڈیز، اردو یونیورسٹی میں قرآن کریم کے تاریخی مقامات پر ایک دستاویزی پیش کش کا اہتمام کیا گیا جس میں قرآن مجید اور سیرت نبویہ میں مذکور اہم تاریخی مقامات پر طلبہ نے سمعی وبصر ی مواد کا مشاہدہ کیا- ’’قرآن کریم معجزہ عظیم اور اہم تاریخی مقامات ‘‘ کے عنوان سے اس دستاویزی فلم کوجناب سعید صاحب (آرکیٹکٹ ) نے عالم اسلام کے اہم شہروں کا سفر کرکے تیار کیا تھا- پروگرام میں حاضرین نے شہر دمشق اور حمص کے اہم تاریخی مقامات میں جامع اموی، مقبرہ سلطان صلاح الدین ایوبی ، باب صغیر کے قبرستان اور بحیرا راہب کے گرجا کے علاوہ بیت المقدس، قبۃ الصخرہ اور مسجد اقصی کا مشاہدہ کیا، عراق کے تاریخی مقامات میں کربلائے معلی،خلیفہ مستنصر باللہ کا قائم کردہ مدرسہ مستنصریہ ، کسری کا محل ،متوکل کا بنوایا ہوا گھومتا ہوا مینار، نیز حضرت مسلم بن عقیلؓ ، امام ابو حنیفہ ؒ ، سیدنا عبد القادر جیلانیؒ اور امام موسی کاظم سے منسوب مقامات کا مشاہدہ کیا۔ پروگرام میں مصر اور ترکی کے علاوہ اردن کے آثار قدیمہ کا بھی مشاہدہ کیا گیاجو اسلامی تاریخ کا اہم مقام ہے، جہاں اصحاب کہف کا غار،حضرت نوحؑ ، حضرت یحییؑ ، حضرت یونسؑ اور ابو عبیدہ بن الجراحؓ سے منسوب مقامات موجود ہیں۔ یہاں قدیم شہر البتراء بھی دریافت ہوا ہے، جس کو یونیسکو نے عالمی ورثہ میں شامل کیا ہے۔ ڈاکٹر محمد فہیم اختر‘صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیزنے اختتامی کلمات میں کہا کہ آج کے پروگرام سے ہماری معلومات میں اضافہ ہوا، دستاویزی پیش کش میں تصاویر کے پہلو بہ پہلو مزید وضاحت موجود تھی، جو ہمارے لئے اہم تھی، طلبہ نے علمی پس منظر میں اس پروگرام کا مشاہدہ کیا، اور تاریخی استفادہ کو مد نظر رکھا، اسی لئے سوالات بھی ابھر کر سامنے آئے۔ انہوں نے جناب سعید کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اگر دل میں ذوق وشوق ہو تو راستے کھلتے ہیں۔ دستاویزی پیش کش کے بعد سوال وجواب کا سلسلہ رہا۔ پروگرام کا آغاز رضوانہ بیگم (ایم اے)کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا، سلیمان سعود (ایم اے)نے شکریہ ادا کیا، نظامت کے فرائض جناب مفتی محمد سراج الدین (اسسٹنٹ پروفیسر)نے انجام دئے، پروگرام میں شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے علاوہ دیگر شعبوں کے طلبہ بھی موجود تھے۔