سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی کل ادا کی جائیں گی آخری رسومات ، سات دن کے قومی سوگ کا اعلان
04:04PM Thu 16 Aug, 2018
Share:
سابق وزیر اعظم 'بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کا آج 93 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ۔ انہوں نے ایمس میں پانچ بج کر پانچ منٹ پر آخری سانس لی ۔ ان کی موت سے ملک بھر میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کی آخری رسومات کل شام چار بجے ادا کی جائیں گی ۔ ان کی آخری روسومات راشٹریہ اسمرتی استھل پر انجام دی جائیں گی ۔
مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 22 اگست تک سات دنوں کا قومی سوگ رہے گا ۔ نئی دہلی میں واقع اسمرتی استھل پر سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی ۔ سبھی مرکزی اور پی ایس یو میں کل آدھے دن کی تعطیل رہے گی ۔ 22 اگست تک ملک اور بیرون ممالک ہندوستانی سفارت خانوں اور قونصلیٹ میں قومی جھنڈے آدھے جھکے رہیں گے۔
ادھر دہلی حکومت کے تمام دفاتر، اسکول اور دیگر اداروں میں جمعہ کو تعطیل رہے گی۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے آج ٹویٹ کر کے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے لکھا کہ ہردل عزیز لیڈر مسٹر واجپئی کے احترام میں دہلی حکومت کے تمام دفاتر، پبلک و پرائیویٹ اسکول اور دیگر ادارے جمعہ کو بند رہیں گے۔