انجمن ترقی اردو (ہند) کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر اطہر فاروقی کو دہلی اردو اکادمی کا ترجمہ کا انعام
11:48AM Sat 16 Jul, 2016
نئی دہلی 16 جولائی2016 : دہلی اردو اکادمی نے اپنے سالانہ انعامات میں ترجمے کا انعام انجمن ترقی اردو (ہند) کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر اطہر فاروقی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے جنھیں 2012 میں ساہتیہ اکادمی بھی ترجمے کا انعام دے چکی ہے۔ یہ انعام اس لیے بھی اہم ہے کہ ڈاکٹر اطہر فاروقی نے حال ہی میں دہلی سے متعلق دو نہایت اہم کتابوں کے اردو سے انگریزی میں تراجم مکمل کیے ہیں جو آئندہ برس تک شائع ہوجائیں گے۔ ان میں ایک کتاب جواہر لعل نہرو یونی ورسٹی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر اسلم پرویز کی ہے جو بہادر شاہ ظفر پر 50 برس پہلے مکمل ہونے والا پہلا علمی کام تھا۔ دوسری کتاب عہدِ وسطی کے مشہور مورّخ پروفیسر خلیق احمد نظامی کے دہلی یونی ورسٹی میں دیے گئے ان نظام لکچرز کا مجموعہ ہے جو دہلی کی تاریخ و تہذیب کے مختلف زاویوں سے متعلق تھے۔ علامہ اقبال کی نہایت ہی ادق کتاب تشکیلِ جدید الہیاتِ اسلامیہ پر ان کے صاحب زادے جاوید اقبال کے ایک نہایت ہی مشکل اور طویل مضمون کا مجموعہ بھی اطہر فاروقی نے انگریزی میں کیا ہے۔ اردو سے انگریزی یا انگریزی سے اردو میں کیے جانے والے مضامین کے لاتعداد تراجم کی فہرست بہت طویل ہے۔
ڈاکٹر اطہر فاروقی کا تعلق سکندرآباد، ضلع بلند شہر سے ہے۔ انھوں نے 1995 میں جواہر لعل نہرو یونی ورسٹی سے اردو زبان کی سیاسی حسیت کے موضوع پر اپنا تحقیقی مقالہ لکھا جو اپنے موضوع پر آج بھی حرفِ آخر کی حیثیت رکھتا ہے۔ اردو تعلیم کے میدان میں علمی کام کرنے والے ڈاکٹر اطہر فاروقی پہلے اور آخری اسکالرہیں۔ انھوں نے جواہر لعل نہرو یونی ورسٹی میں ریسرچ اسکالر کے طور پر پہلی بار اردو تعلیم کے اعداد و شمار جمع کرکے جو نتائج نکالے وہ آج بھی تبدیل نہیں ہوئے ہیں۔ نہ تو اطہر فاروقی سے پہلے اور نہ ہی ان کے بعد کسی نے بھی اردو تعلیم کو ایک مستقل بالذات موضوع کے طور پر عملی تحقیق و تجزیے کا موضوع نہیں بنایا تھا۔
2012 میں ڈاکٹر اطہر فاروقی کو انجمن ترقی اردو (ہند) کا جنرل سکریٹری بننے کی دعوت دی گئی اور اپنی انتظامی صلاحیتوں سے انھوں نے انجمن کو ایک فعال، متحرک اور نئے زمانے کی ضرورتوں سے ہم آہنگ ادارے میں تبدیل کرنے کی کامیاب کوشش کی۔
ڈاکٹر اطہر فاروقی کی اب تک اردو میں 6 کتابیں: (۱)نامکمل،(۲) گفتگو اُن کی، (۳) آزاد ہندستان میں اردو زبان، تعلیم اور صحافت، (۴) ہندستان میں اردو سیاست کی تفہیمِ نو، (۵) انیسویں صدی میں ادب، تاریخ اور تہدیب (۶) رشید حسن خاں ایک مطالعہ اور انگریزی میں دو کتابیں : (1) Redefining Urdu Politics in India (2) Muslims in Media Images انگریزی کے سب سے مقتدر ناشر اکسفرڈ یونی ورسٹی پریس نے شائع کیں ہیں۔ اس وقت ڈاکٹر اطہر فاروقی ہندوپاکستان بلکہ دنیا میں کہیں سے شائع ہونے والے سب سے اہم علمی مجلے اردو ادب اور ہفت روزہ ہماری زبان کے مدیر ہیں۔