اعظم خاں اور سماجوادی پارٹی مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنا بند کریں

01:28PM Mon 3 Oct, 2016

سماجوادی پارٹی اپنا مسلمانوں کو 18فیصد ریزرویشن کا وعدہ پورا کرے: ڈاکٹر جسیم محمد علی گڑھ03؍اکتوبر: فورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ اینالائسس ( ایف ایم ایس اے) نے اتر پردیش کے وزیر برائے شہری ترقیات مسٹر اعظم خاں کے مسلمانوں کے ریزرویشن سے متعلق بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعظم خاں مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنا بند کریں اور مسلمانوں کے مثبت فروغ کے تعلق سے ٹھوس کارروائی عمل میں لاتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے مسلمانوں کو 18فیصد ریزرویشن دئے جانے کے وعدے کو پورا کریں جو سماجوادی پارٹی نے انتخابات کے دوران اتر پردیش کے مسلمانوں سے کیا مگر اقتدار میں آنے کے بعد وہ اب تک اپنے وعدے کو پورا نہیں کرسکی ہے۔ فورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ اینالائسس اینڈ اینالائسس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ اترپردیش کے وزیر برائے شہری ترقیات مسٹر اعظم خاں نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ اگر بی جے پی مسلمانوں کو دلتوں کے برابر ریزرویشن دے تو وہ بی جے پی کے پیچھے چلنے کو تیار ہیں۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ مسٹر اعظم خاں نے اس قسم کا بیان دے کر مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکانے کی کوشش کی ہے جبکہ وہ یہ بھول گئے کہ اترپردیش کے اسمبلی انتخابات کے وقت سماجوادی پارٹی نے مسلمانوں کو18فیصد ریزر ویشن دینے کا وعدہ کیا تھا جو وہ آج تک پورا نہیں کرپائی ہے جبکہ اکھلیش حکومت مسلمانوں کی بڑے پیمانے پر حمایت سے ہی وجود میں آئی تھی مگر مسٹر اعظم خاں کو اپنی برسرِ اقتدار جماعت کی وعدہ خلافی یاد نہیں رہی جبکہ اکھلیش حکومت کا عہد اپنے خاتمہ پر ہے اور انہیں یا ان کی جماعت کے چیف مسٹر ملائم سنگھ یادو کو مسلمانوں سے کیاگیا اپنا وعدہ یاد نہیں اورمسٹر اعظم خاں اس جانب سے مسلمانوں کی توجہ ہٹانے کے لئے اس قسم کے بے بنیاد بیانات دے کر مسلمانوں کے جذبات سے کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی، اس کے چیف اور مسٹر اعظم خاں ہمیشہ مسلمانوں کے جذبات سے کھیل کر اپنا مفاد پورا کرتے رہے ہیں اور اب بھی وہ اسی راہ پر گامزن ہیں۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ اب سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ملائم سنگھ یادو کے قریبی مانے جانے والے مسٹر اعظم خاں نے ایک نیا حربہ استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بی جے پی مسلمانوں کو ریزرویشن دے تو وہ اس کی حمایت کریں گے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ صرف یہی نہیں بلکہ اکھلیش یادو کے دورِ حکومت میں مظفر نگر سمیت بڑی تعداد میں فرقہ وارانہ فسادات رونما ہوئے اور صوبائی حکومت آج تک کسی بھی قصوروار کو سزا دلانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے یہاں تک کہ مظفر نگر کے فسادات کے متاثرین تک ابھی اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹ سکے ہیں مگر اعظم خاں اس سلسلہ میں کبھی اف تلک نہیں کرتے اور نہ ان کوایسے واقعات کے تعلق سے مسلمانوں کی یاد آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں امن و قانون کی صورت حال ایک دم بدتر ہوکر رہ گئی ہے اور صوبے کی عوام خصوصی طور پر مسلمانوں کی توجہ بنیادی مسائل سے ہٹانے کے لئے اعظم خاں بے بنیاد بیانات دے رہے ہیں جن کی سخت الفاظ میں مذمت کی جانی چاہئے۔ ٍ ڈاکٹر جسیم محمد نے مطالبہ کیاکہ سماجوادی پارٹی اپنا انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے مسلمانوں کو18فیصد ریزرویشن دے اور اعظم خاں جیسے لوگوں کے بے بنیاد بیانات پر روک لگائے جو مذہب کے چولہے پر سیاست کی روٹیاں سینک کو مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔