بنگلورو کے نوجوان نے بنائی انوکھی سی وی؛ کمپنی نے بغیر انٹریو کے دی نوکری
04:41AM Thu 13 Oct, 2016
بھٹکلیس نیوز / 13 اکتوبر
بنگلورو/ (ایجنسی) آج ہم ایسے مقابلے کے دور میں زندہ ہیں جہاں صلاحیتیں تو درکار ہوتی ہی ہیں صلاحیتوں کو درست انداز میں پیش کرنا بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ اگر آپ کسی کام میں مہارت رکھتے ہیں تو جب تک اسے دلکش انداز میں دوسروں کو نہ دکھائیں کوئی آپ کا معترف نہیں ہوتا۔
کسی بھی نوکری کے لیے درخواست دیتے ہوئے ساتھ میں سی وی دینا آج کل ایک لازمی امر بن چکا ہے۔ یہ تو آپ کو اندازہ ہو گا کہ ہر کمپنی کو روزانہ سیکڑوں کی تعداد میں سی ویز موصول ہوتی ہیں اس لیے سی وی کا دلکش ہونا بھی ضروری ہے کہ ایک نظر ڈالتے ہی وہ توجہ حاصل کر لے۔
اس بات کا اندازاہ ریاست کرناٹک کے آئی ٹی سٹی بنگلورو کے سمکھ مہتا (Sumukh Mehta) کو بھی اچھی طرح تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس نے کالج آف منیجنمنٹ اسٹڈیز جین یونی ورسٹی سے بیچلر کرنے کے بعد ایک ایسے ادارے کی بنیاد رکھی جو دوسروں کے عام سی وی کو بہترین انداز میں ڈھالنے کا کام کرتا ہے۔
لاتعداد دیگر افراد کی مدد کرنے کے بعد جب اسے ایک غیرملکی میگزین میں نوکری کے لیے اپنا سی وی بنانے کی ضرورت پڑی تو اس نے ایسا سی وی تیار کیا کہ ایڈیٹر انچیف ڈیلن جونز (Dylan Jones) نے سی وی دیکھتے ہی بغیر انٹرویو کے سمکھ کو اپنے لندن دفتر میں نوکری دے دی۔
سمکھ مہتا نے اپنا سی وی برطانوی میگزین جینٹلمنز کوارٹرلی (Gentleman’s Quarterly) کے لیے تیار کیا تھا۔ یہ سی وی بیس صفحات پر مشتمل ہے جسے اس نے گرافکس ڈیزائنر کی مدد سے 3 ہفتوں میں تیار کیا۔ اس سی وی کے کچھ صفحات آپ کے جائزے کے لیے پیش خدمت ہیں۔