اس سال فطرہ چاول دکانوں میں ہی رکھیں۔ گھر گھر پہنچ کر نہیں کی جائے گی وصولی: کنوینر فطرہ کمیٹی بھٹکل
11:45AM Thu 14 May, 2020
بھٹکل: 14 اپریل،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) "اس سال فطرہ کی وصولی میں تبدیلی کی گئی ہے اس لیے فطرہ دینے والے حضرات اپنے محلہ میں جو بھی دکان ہے وہیں پر بتاکر اپنا چاول محفوظ رکھیں وہیں سے فطرہ وصولی والے فطرہ چاول لیں گے اور تقسیم کریں گے"۔
ان باتوں کی جانکاری بھٹکل مرکزی فطرہ کمیٹی کے کنوینر جناب مولانا الیاس ندوی صاحب نے اخباری نمائندوں کو دی وہ آج یہاں اپنے گھر میں مقامی میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے۔
مولانا محترم نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران اس سال فطرہ وصولی میں تبدیلی کی گئی ہے اور اسسٹنٹ کمشنر سے اجازت لے کر فطرہ وصولی کے لیے بڑی گاڑیوں کا انتظام کیا جارہا ہے جس کے لیے رمضان کی 25 تاریخ سے ہی دکانوں سے وصولی کا کام شروع ہوگا جو کہ عید سے پہلے ہی تقسیم کیا جائے گا۔
مولانا نے یہ بھی کہا کہ اس سال چاول کے ساتھ ساتھ دیگر کھانے کی اشیاء بھی دی جائیں گی تاکہ لاک داؤن کے اس دور میں دیگر غریب اور مجبور افراد بھی خوشی خوشی عید مناسکیں۔
مولانا نے گزارش کی کہ فطرہ دینے والے حضرات چاول مقدار سے زیادہ دینے کی کوشش کریں اور اپنی طرف سے کٹس کے لیے بھی تعاون دیں جس میں باسمتی، چاول، دال وغیرہ شامل ہے۔
واضح رہے کہ بھٹکل میں گزشتہ 33 سال سے فطرہ کی تقسیم کا یہ نظام جاری ہے جس کے تحت محلہ کے اسپورٹس سینٹر کے نوجوان اس کو وصول کر کے رضاکارانہ طور پر تقسیم کرتے ہیں، ایک اندازہ کے مطابق یہ فطرہ بھٹکل واطراف کے دو ہزار سے زائد مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔