جنگ آزادی میں مسلمانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ مولاناڈاکٹر حکیم محمد ادریس حبان رحیمی
03:45PM Thu 17 Aug, 2017
دارالعلوم محمدیہ گنگونڈنا ہلی میں جشن آزادی کی تقریب سے علماء کرام کا خطاب
(بھٹکلیس نیوز)دارالعلوم محمدیہ گنگونڈنا ہلی عربی کالج بنگلور میں یوم آزادی نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا تقریب کا آغاز محمد محمد امین حبان متعلم دارالعلوم محمدیہ کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا حکیم ڈاکٹر محمد ادریس حبان رحیمی بانی و مہتمم ادارہ ہذا نے فرمایا کہ آج ہمارے لئے کیلئے انتہائی خوشی اور مسرت کا دن ہے جنگ آزادی میں سیکڑوں ہندو مسلم شہید ہوئے جنکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہندوستان میں مختلف مذہب کے لوگ رہتے ہیں ہر دھرم امن و سانتی سے رہنے کا پیغام دیتا ہے، ہم سب کو علامہ اقبالؒ کے قومی ترانہ ’’مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا‘‘ سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہم سب ایک ہیں، ایک تھے اور ایک رہیں گے۔ یہ ملک سب کا ہے سبکو مل جل کر آپسی اتحاد امن و بھائی چارہ عام کر نا چاہئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد فاروق اعظم صاحب قاسمی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اگر جنگ آزادی میں علماء کرام اپنی قربانیاں پیش نہ کرتے تو آج ہمیں یہ آزادی میسر نہ ہوتی۔ قاری محمد افضل ممتاز رحیمی ناظم دفتر نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا کہ جس ملک میں رہو اس سے محبت کرو۔ لہٰذا اسی لئے ہر مسلمان اپنے وطن سے محبت رکھتا ہے۔ مفتی ارشد جمیل رشیدی نے فرمایا کہ ملک کی حفاظت کیلئے جو آنکیں سرحد پر جاگتی ہیں ان پر جہنم کی آگ حرام ہے اس سے پتہ چلا کہ وطن سے محبت ایمان کا جز ہے۔ رسم علم کشائی حضرت مولانا ڈاکٹر حکیم محمد ادریس حبان رحیمی کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ حافظ محمد افسر علی، اور حافظ محمد سرفراز متعلم ادارہ ہذانے ترانہ ’’سارے جہاں سے اچھا‘‘ پیش کیا جس کے بعد آزادی پر لکھی گئی عمدہ ترانہ نظم ترنگا زندہ باد کے نام سے مولانا سعید الرّ حمن قاسمی نے نہایت خوبصورت آواز میں پیش کیا جس کو سامعین نے خوب سراہا ، ادارے کہ اساتذہ مولانا بلال احمد ، قاری ابو صادق، ماسٹر اقبال، مولانا فہیم احمد قاسمی، مولانا زبیر احمد مفتاحی، ماسٹر ارشاد ، مولانا بابر علی ندوی، مفتی ارشد جمیل رشیدی اور مولانا سعید الرّ حمن کی زیر قیادت تمام طلبہ نے جلوس کی شکل میں محلے میں گشت کیاجس کو سبھی برادران وطن نے قدر کی نگاہوں سے دیکھتے ہوئے خوب سراہنا کی اور جگہ جگہ طلبۂ کرام کے ساتھ عوام کو سلفی لیتے ہوئے دیکھا گیا ۔ اس موقعہ پر مہمانوں اور اہل محلہ اور طلبہ اور محلے کے بچوں کو شیرنی تقسیم کی گئی حضرت رحیمی نے دعا کرائی اور بہار دیگر صوبوں میں سیلاب سے متاثر لوگوں کیلئے خصوصی دعاء کا اہتمام کیا گیا۔