سنجے نروپم نے وزیر اعظم مودی کو کہا۔ ’ان پڑھ ‘، بی جے پی نے بتایا ذہنی مریض

03:10PM Thu 13 Sep, 2018

کانگریس کی ممبئی اکائی کے سربراہ سنجے نروپم نے بدھ کو ایک متنازعہ بیان دیا۔ مہاراشٹر کے اسکولوں میں وزیراعظم نریندر مودی کی زندگی پر بنی مختصر فلم دکھانے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے مودی کو "ان پڑھ " قرار دیا۔ بی جے پی کے رہنماؤں نے نروپم کے بیان کی سخت مخالفت کی ہے۔ بی جے پی کے مہاراشٹر یونٹ کی ترجمان شائنا این سی نے نروپم کو "ذہنی طور پر پریشان" بتایا۔ کانگریس کے رہنما نروپم نے ایک نیوز چینل سے کہا، "فلم کو زبردستی دکھانے کا فیصلہ غلط ہے۔ بچوں کو سیاست سے دور رکھا جانا چاہئے۔ مودی جیسے غیر تعلیم یافتہ اور ان پڑھ شخص پر بنی فلم دیکھ کر بچے کیا سیکھیں گے؟
 نروپم نے کہا، "بچوں اور لوگوں کو تو یہ بھی معلوم نہیں ہے کہ وزیراعظم کے پاس کتنی ڈگریاں ہیں۔" بعد میں جب ان کے بیان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ حکمراں پارٹی کو ہر لفظ پر اعتراض کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور جمہوریت میں وزیر اعظم بھگوان نہیں ہوتا۔