لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملتوی ہونے والے دسویں کے امتحانات کا ہوا آغاز: پہلے دن ضلع میں 136 طلبہ رہے غیر حاضر

03:57PM Thu 25 Jun, 2020

بھٹکل: 25 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں 27 مارچ کو منعقد ہونے والے ایس ایس ایل سی کے امتحانات بڑے انتظار کے بعد آج سے شروع ہوگئے ہیں جس کے لیے حکومت کی طرف سے جاری تمام ہدایات پر سختی کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے۔ ریاست کرناٹک میں کورونا کی وبا کے چلتے ملتوی ہونے والے ان امتحانات میں اس بار 8,48,203  طلبہ دسویں جماعت کا امتحان دے رہے ہیں جن کے لیے ریاست بھر میں  2,879 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ضلع اتر کینرا میں آج پہلے دن جملہ  9,580  طلبہ امتحان دینے والے تھے لیکن کاروار ڈی ڈی پی آئی ہریش گاونکر کی اطلاع کے مطابق آج 136 طلبا غیر حاضر رہے۔ بھٹکل میں ایس ایس ایل سی امتحان کے لیے 9 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں جن میں نیو انگلش اسکول، سونارکیری سرکاری ہائی اسکول، اسلامیہ اینگلواردو ہائی اسکول، انجمن گرلز ہائی اسکول بستی روڈ، بیلکے سرکاری ہائی اسکول، جنتاودھیالہ مرڈیشور، نیشنل ہائی اسکول مرڈیشور، بینا ودیا انٹر نیشنل ہائی اسکول شامل ہے، جہاں آج جملہ 2051 طلبہ نے امتحان مین شرکت کی جن میں 1131 لڑکیاں اور 920 لڑکے تھے۔ ضلع بھر میں امتحان سے پہلے اور امتحان کے بعد ہر کمروں کو سینیٹائز کیا جارہا ہے، اسی طرح امتحان ہال میں داخل ہونے سے پہلے طلبہ کی تھرمل اسکیننگ کی جارہی ہے اور ہر ایک کو ماسک پہن کر ہی امتحان گاہ میں داخل ہونا ضروری قرار دیا جارہا ہے۔