اکرما سکرما اسکیم کا ہائی کورٹ میں چیلنج،حکومت کو نوٹس جاری

01:14PM Sat 7 Mar, 2015

بھٹکلیس نیوز/7مارچ،15 بنگلورو:۔ شہر اور ریاست کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کو باقاعدگی دینے کے سلسلے میں ریاستی حکومت نے جس اکرما سکرما اسکیم کو حال ہی میں منظور کیا ہے، اس اسکیم کا چیلنج کرتے ہوئے ریاستی ہائی کورٹ میں درج ایک مفاد عامہ عرضی پر آج ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کردیا ہے۔اس اسکیم کے خلاف کچھ لوگوں کے عدالت سے رجوع ہوجانے کے سبب ایک بار پھر غیر قانونی تعمیرات کو باقاعدگی کھٹائی میں پڑ گئی ہے۔ اب ہائی کورٹ سے منظوری لینے کے بعد ہی ریاستی حکومت اس اسکیم پر گورنر کے دستخط کرواسکے گی۔ سٹیزن فورم فار منگلور ڈیولپمنٹ کی مفادعامہ عرضی کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس کے ایل منجوناتھ نے آج ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا اور معاملے کی اگلی سماعت 13مارچ تک ملتوی کردی۔ حال ہی میں ریاستی حکومت نے غیر قانونی تعمیرات کو باقاعدگی دینے کے سلسلے میں اکرما سکرما کی تجویز کو منظوری دی تھی۔ عرضی گذاروں نے کہا ہے کہ اس سے پہلے 2007 میں جو اکرما سکرما اسکیم لانے کی کوشش کی گئی تھی، اسی کو موجودہ حکومت نے دہرایا ہے۔ انہیں بنیادوں پر اس اسکیم کا چیلنج کیا جارہا ہے۔ ع،ح،خ