اماراتی ولی عہد کی صدر پوتن اور جان کیری سے ملاقاتیں
06:04AM Fri 25 Mar, 2016
متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف نےماسکو میں روسی صدر ولادی میر پوتن اور روسی دورے پر آئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اماراتی ولی عہد الشیخ محمدبن زاید آل نھیان نے روسی صدر ولادی میر پوتن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت دیگر عالمی اور علاقائی مسائل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے ماسکو دورے پر آئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے بھی ملاقات کی۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جان کیری اور الشیخ محمد بن زاید کے درمیان ہونے والی بات چیت میں متحدہ عرب امارات اور امریکا کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور ایک دوسرے کے مفادات کے تحفظ کے لیے کام کرنے پراتفاق کیا گیا۔
جان کیری سے ملاقات کے وقت متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر الشیخ طحنون بن زاید آل نھیان، وزیرخارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان اور دیگر بھی موجود تھے۔ بات چیت میں شام کے بحران اور اس کےحل کے لیے ہونے والی عالمی مساعی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہ نماؤں میں ہونے والی ملاقات میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور عرب خطے سمیت پوری دنیا میں امن امان کے قیام کے لیے جدو جہد جاری رکھنے سے بھی اتفاق کیا گیا۔