تعلقہ کا درجہ دینے کی مانگ وجئے پوربند کامیاب رہا۔عام زندگی مفلوج

03:42PM Tue 11 Jul, 2017

بنگلور(بھٹکلیس نیوز):۔بنگلور دیہی ضلع کے دیون ہلی تعلقہ کے وجئے پور ٹاؤن کو تعلقہ کا درجہ دینے کی مانگ کولیکر آج مختلف تنظیموں کے ذریعہ بند منایا گیا اور بندکامیاب رہنے کی وجہ سے عام زندگی مفلوج رہی۔تعلقہ نرمان ہوراٹاسمیتی کے صدر جی کے شیوپا اور دیگر عہدیداروں کی جانب سے کل ہی وجئے پور بند منانے کا اعلان کیا تھا اوراس کیلئے تمام لوگوں اور دیگر کنٹرا نواز تنظیموں اور اداروں سے بند کے لئے تعاون کرنے کی گذارش کی تھی۔بند کی وجہ سے تمام سرکار ی دفاتر۔اسکول۔کالج۔تعلیمی ادارے۔دکانیں۔سینماگھر۔ہوٹل۔بازار۔ مارکیٹ اور تجارتی مراکز بند رہے۔سرکاری اور نجی بسوں کی آمد و رفت بند رہی۔ آٹو ٹیکسی ۔ ریل گاڑی اور دیگر سواریاں نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو کئی مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔سرکاری بس اسٹانڈ اور اہم سڑکوں پر بچوں کو کرکٹ کھیلتے دیکھا گیا۔ ہرجگہ پولیس اہلکار ہی دکھائی دے رہے تھے۔ بند کے دوران کوئی بھی ناخوشگوار واردات نہیں ہوئی۔ لوگوں اور دیگر لوگوں نے بھی بند کیلئے مکمل تعاون کیا تھا۔ صرف سرکاری اسپتالوں او رمیڈیکل اسٹورس کو بند سے رعایت دی گئی تھی۔ جبکہ ترکاری۔دودھ اور اخبارات کے علاوہ ضروری چیزوں کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوئی۔ اس موقعہ پر تعلقہ نرمان ہوراٹا سمیتی کے صدر شیوپا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ حکومت نے 49نئے تعلقہ جات بنانے کا اعلان کیا ہے اور ایک سازش کے تحت وجئے پور کا نام چھوڑدیا ہے ۔اس لئے حکومت کو اس مانگ کی جانکاری دینے کے مقصد سے وجئے پور بند منایا گیا اور بنگلور اربن ضلع کے ڈپٹی کمشنر وی شنکر کے ذریعہ حکومت کو ایک یادداشت پیش کی گئی ہے اگر حکومت سے کوئی جواب نہ ملا تو پھر دھرنا دیاجائے گا۔