مینگلور سے ہبلی کے لیے پیدل نکلے مدھیہ پردیش کے مہاجر مزدور
03:56PM Wed 6 May, 2020
بھٹکل: 6 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں وزیر اعلیٰ کی جانب سے مہاجر مزدوروں کے لیے خصوصی ٹرینوں کے رد کیے جانے کے بعد مہاجر مزدورں کی حالت خراب ہورہی ہے۔ مزدوروں کے پاس کھانا اور رہنے کو ٹھکانہ نہ رہنے کے سبب تین سو سے چار سو کلو میرٹر پیدل سفر پر نکل گئے ہیں۔
ایسے ہی چند مزدرو آج بھٹکل میں بھی پائے گئے انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم تقریبا 50 لوگ ہیں جو کل مینگلور سے روانہ ہوگئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ چالیس دن سے مینگلور میں پھنسے ہوئے تھے، وہ تمام افراد مدھیہ پردیش کے رہنے والے ہیں لیکن ہبلی میں ان کے جان پہچان والے ہونے کے سبب وہاں پیدل چل کر جار ہے ہیں اور حالات ٹھیک ہونے پر وہاں سے بذریعہ ٹرین اپنے شہر چلے جائیں گے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ مزدورں کے ساتھ چھوٹے بچے بھی ہیں جن کو وہ گود میں اٹھائے ہوئے چل رہے ہیں۔
مزدوروں کا کہنا ہے کہ اگر وہ ایسے ہی دو روز اور چلیں گے تو منزل تک پہنچ جائیں گے، انہوں نے حکومت کی طرف سے کوئی سہولت نہ دینے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران کئی شہروں میں پھنسے مزدور سہولت نہ ہونے کے سبب میلوں پیدل چلنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے افراد کا خیال رکھے ورنہ ہوسکتا ہے کہ وہ اپنے گھر پہنچنے کے بجائے موت کی آغوش میں چلے جائیں۔