امت شاہ بولے۔ سی آر پی ایف نہ ہوتی تو میرا بنگال سے بچ کر نکلنا بہت مشکل تھا
11:20AM Wed 15 May, 2019
بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر امت شاہ نے بدھ کو پریس کانفرنس کر کے ممتا بنرجی اور مغربی بنگال کی ٹی ایم سی حکومت پر نشانہ سادھا ہے۔ منگل کو شاہ کے روڈ شو کے دوران ہوئے تشدد پر انہوں نے کہا کہ اگر سی آر پی ایف نہیں ہوتی تو میرا بچ کر واپس آنا بیحد مشکل تھا۔
پریس کانفرنس میں شاہ نے کہا کہ اب تک انتخابات کے چھ مرحلے ختم ہو چکے ہیں۔ ان 6 مراحل میں بنگال کے علاوہ کہیں بھی کوئی تشدد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا، "میں ممتا جی کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ صرف 42 نشستوں پر الیکشن لڑ رہی ہیں اور بی جے پی ملک کی تمام ریاستوں میں انتخابات لڑ رہی ہے۔ مگر کہیں پر بھی تشدد نہیں ہوا، لیکن بنگال میں ہر مرحلے میں تشدد ہوا، اس کا واضح طور پریہ مطلب ہے کہ بنگال میں ٹی ایم سی تشدد کر رہی ہے‘‘۔
امت شاہ نے دعویٰ کیا کہ ’’ روڈ شو سے پہلے ہی وہاں لگے پوسٹر پھاڑ دئیے گئے تھے۔ روڈ شو شروع ہوا جس میں زبردست عوامی ہجوم امڈا۔ 2.30 گھنٹے تک پر امن طریقے سے روڈ شو چلا۔ لیکن پھر تین بار حملے کئے گئے اور تیسرے حملے میں توڑ پھوڑ، آگ زنی اور بوتل میں کیروسین ڈال کر بھی حملہ کیا گیا‘‘۔