آندھرا پردیش : وائی ایس آرکانگریس لیڈر جگن موہن ریڈی پر وشاکھاپٹنم ائیرپورٹ پر حملہ، حملہ آور گرفتار

12:35PM Thu 25 Oct, 2018

وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی پر وشاکھاپٹنم ائیرپورٹ پر حملہ کردیاگیا ۔وہ وی آئی پی لاونچ میں آرام کر رہے تھے کہ ان پر ویٹر نے چاقو سے حملہ کردیا۔اس واردات میں جگن کا بایاں کندھا معمولی زخمی ہوا ۔ائیرپورٹ پر موجودسیکورٹی نے ملزم کو پکڑ کرپولیس کے حوالے کردیا۔ جگن موہن ریڈی موجودہ طورپر وجئے نگرم ضلع میں اپنی پرجاسنکلپ یاترا کر رہے ہیں،وہ آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے معاملہ میں شہر حیدرآباد کے نامپلی کورٹ میں حاضر ہونے کے لئے جمعرات کی دوپہر وشاکھاپٹنم ایرپورٹ پہنچے تھے ۔ اس معاملہ کی سماعت جمعہ کو ہونے والی ہے۔
وشاکھاپٹنم ائیرپورٹ پر طیارہ کی روانگی میں کچھ وقت ہونے پر وہ وی آئی پی لاونچ میں آرام کر رہے تھے کہ اسی وقت جگن کے قریب ویٹر آیا اوران سے بات کرنے کے بہانے چھوٹی چاقو سے ان پر حملہ کردیا۔اس پرسیکورٹی نے فوری طورپر اس حملہ آور پر قابو پالیااور اس کو مزید کارروائی کے لئے پولیس کے حوالے کردیا ۔اس حملہ میں جگن کا کندھامعمولی زخمی ہوگیا۔ڈاکٹروں نے ان کی مرہم پٹی کی۔بعد ازاں و ہ طیارہ میں سوار ہوکر حیدرآباد کے لئے روانہ ہوگئے۔ اس حملہ کے فوری بعد پولیس نے ائیرپورٹ کے گیٹ بند کردیئے تاکہ کسی کو بھی باہر جانے سے روکا جاسکے۔جگن پر حملہ کی اطلاع کے ساتھ ہی وائی ایس آرکانگریس کے لیڈروں اورکارکنوں کی بڑی تعداد ائیرپورٹ پہنچ گئی ۔مقامی اے سی پی فوری طورپر ائیرپورٹ پہنچ گئے اور اس واردات کی تفصیلات حاصل کیں۔ملزم کی شناخت سرینواس کے طورپرکی گئی ہے۔