نیو انگلش پی یو کالج میں طلبہ کے لیے اخلاقی بیداری پروگرام کا انعقاد
02:50PM Sat 24 Aug, 2019
بھٹکل: 24 اگست، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) نیو انگلش پی یو کالج میں آج طلبہ کے لیے اخلاقی بیداری کے موضوع پر ’سمسکرا سدھا‘ نام کا ایک پروگرام منعقد ہوا۔
اس موقع پر طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے مسٹر نیلکنٹا یاجی نے کہا کہ انسان کو چاہئے کہ وہ اپنے دل کو مرکز بناکر علم حاصل کرے، کیوں کہ اس طرح سے علم حاصل کرنے پر اسے علم اور عزت دونوں ملیں گے۔ انہوں نے مختلف طور پر طلبہ میں اخلاق کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور موجودہ دور میں اس کی اہمیت کو بتلاتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو چاہئے کہ وہ اپنے اندر عاجزی پیدا کریں اور ایک دوسرے کو عزت دینے والے بنیں۔
اس موقع پر نیو انگلش کالج کے پرنسپال مسٹر ویریندر شانبھاگ، ودھیانجلی پبلک اسکول کے پرنسپال ممتا کے ایس ڈائس پر موجود تھے۔ ناظم اجلاس مسٹر شیوانند بھٹ کے شکریہ کلمات پر یہ پروگرام اختتام کو پہنچا۔