سعودی نائب ولی عہد اور روسی صدرکی ملاقات:جوہری سمجھوتو ں پر دستخط

05:12PM Fri 19 Jun, 2015

سینٹ پیٹرزبرگ،19جون(ایجنسی) سعودی عرب نے روس کے ساتھ جوہری ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے چھے سمجھوتوں پر دستخط کیے ہیں۔ روس اور سعودی عرب کے درمیان یہ سمجھوتے جمعرات کو سعودی نائب ولی عہد اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے دورے کے موقع پر طے پائے ہیں۔قبل ازیں شہزادہ محمد بن سلمان نے سینٹ پیٹرزبرگ میں روسی صدر ولادی میرپوتین سے ملاقات کی ہے اور ان سے دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔شہزادہ محمد بدھ کی رات روس کے سرکاری دورے پر ماسکو پہنچے تھے۔ درایں اثناء دو ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب اور روس کے تیل کے وزراء دوطرفہ وسیع تر تعاون کے سلسلے میں سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقد ہونے والے ایک اقتصادی فورم کے موقع پر ایک سمجھوتے پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کا تیل پیدا کرنے والا سب سے بڑا رکن ملک ہے جبکہ روس اوپیک کا تو رکن نہیں لیکن وہ عالمی مارکیٹ میں تیل مہیا کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے۔