ہندوستان پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہشمند : وینکیا نائیڈو

12:30PM Mon 28 May, 2018

جموں : نائب صدر جمہوریہ ہند ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان تمام ممالک بشمول پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے پڑوسی (پاکستان) کے ساتھ کوئی پریشانی نہیں ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ اسے (پاکستان کو) دہشت گردوں کی مدد، حمایت اور تربیت دینے سے متعلق اپنی پالیسی ترک کرنی چاہیے۔ نائب صدر جمہوریہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں انڈین انسٹی چیوٹ آف انٹی گریٹیو میڈیسن (آئی آئی آئی ایم) کے سائنسدانوں، طالب علموں اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ترقی کے لئے امن ضروری ہے۔ انہوں نے کہا ’امن اور خوشحالی ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ ترقی کے لئے امن ضروری ہے اور امن کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ ہمیں اپنے پڑوسی سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔ ہم تمام ممالک بشمول پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ ہمیں پاکستان سے مذاکرات کے لئے تیار ہونا چاہیے۔ لیکن اسے (پاکستان کو) دہشت گردوں کی مدد، حمایت اور تربیت دینے سے متعلق اپنی پالیسی ترک کرنی چاہیے‘۔ انہوں نے کہا ’ہم قومی سلامتی اور یکجہتی کے معاملات پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان کو اپنے اس عزم کہ وہ اپنی زمین کو دہشت گردوں کی تربیت کے لئے استعمال نہیں ہونے دے گا، کا احترام کرنا چاہیے‘۔
نائب صدر جمہوریہ نے جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدی پر کشیدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے لئے امن ضروری ہے۔ انہوں نے کہا ’ترقی کے لئے امن ضروری ہے۔ اگر ہماری سرحد پر کشیدگی ہوگی تو ہم اپنی ترقیاتی سرگرمیوں کی طرف توجہ نہیں دے پائیں گے‘۔ مسٹر نائیڈو نے سیاستدانوں سے کہا کہ وہ ریسرچ (تحقیق) اپنے لئے نہیں بلکہ لوگوں کے فائدہ کے لئے کریں۔ انہوں نے کہا ’ریسرچ اور ترقی سے ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ آپ کا ریسرچ لوگوں کے لئے فائد مند ثابت ہونا چاہیے‘۔ ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا، وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔