کہکشاں میں دو جڑواں ستاروں کی دریافت نے سائنس دانوں کو حیران کردیا
01:39PM Sun 25 Oct, 2015
نیویارک: کائنات میں موجود ستارے اور سیارے آسمان کی خوبصورتی کا باعث ہیں اور ان کی ساخت اور بناوٹ پر سائنس دان ہمیشہ تجسس میں رہتے ہیں اسی کوشش میں سائنس دانوں نے دور دراز کہکشاؤں میں دو ایسے نیلے ستاروں کو دریافت کیا ہے جو ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور تیزی سے مزید قریب آرہے ہیں۔
سائنس دانوں کی انٹرنیشنل ٹیم نے کہکشاؤں میں دو انتہائی ایسے بڑے نیلے رنگ کے ستاروں کو دریافت کیا ہے جو ایک جانب سے جڑے ہوئے ہیں اور تیز رفتاری سے حرکت کرتے ہوئے ایک دوسرے کے اوپر اوور لیپ کر رہے ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ بظاہر ایک دوسرے کو چومتے نظرآنے والے یہ ستارے اس حرکت کے دوران کسی بھی وقت زوردار دھماکے سے پھٹ سکتے ہیں اس لیے اس طرز عمل کو ڈیتھ کس کا نام دیا جا سکتا ہے۔
ستاروں کی دریافت کی ٹیم کی خاتون چیف سائنس دان ہیوجز سانا کا کہنا ہے کہ اگر یہ ستارے اسی رفتار سے حرکت کرتے ہوئے قریب آتے رہے تو ایک زوردار دھماکے سے ختم ہوجائیں گے۔ ان ستاروں کو وی ایف ٹی ایس 352 کا نام دیا گیا ہے جو انتہائی بڑے، گرم اور روشن ہیں جو اپنے مداروں میں تیزی سے حرکت کر رہے ہیں۔ خلائی ماہر لیونارڈو ایلمیڈا کا کہنا ہے یہ ایک حیرت انگیز اور اہم دریافت ہے۔