وزیر اعلیٰ کے کفایت شعاری کے اقدامات پر ہنوز عمل نہیں ہوا

01:48PM Tue 11 Sep, 2018

بنگلورو:11؍ ستمبر(سالار نیوز)ریاست کی اقتصادی صحت پر غور کرتے ہوئے حکومت کی اعلان کردہ کفایت شعاری کے اقدامات حکومت کے قیام کے 100دنوں کے بعد بھی جاری ہونے کے آثار نہیں ہیں۔یہ اقدامات صرف وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی،ودھان سبھا کے اسپیکر رمیش کمار تک ہی محدود ہیں۔اس تعلق سے احکاما ت جار ی کرنے سینئر افسران کی سطح پر ہی اعتراضات کئے جا رہے ہیں۔کسانوں کے قرضوں کی معافی کے بشمول دونوں پارٹیوں کی جانب سے اپنے اپنے منشوروں میں کئے گیے وعدوں کی تعمیل کے لیے بنیادی وسائل اکٹھاکرنے کے سلسلے میں غٰیر ضروری اور فضول خرچی پر روک لگانے کا فیصلہ کرنے والے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے اقتدار پر آنے کے فوراً بعدغیر ضروری اخراجات گھٹانے کااشارہ دیا تھا۔اس کے علاوہ انہوں نے خود قیادت کرتے ہوئے کفایت شعاری کے اقدامات کا آغاز کیاتھا۔اس کے بعدا س سلسلے میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔کسانوں کے قرضے معاف کرنے کے بوجھ کے ساتھ ساتھ کورگ کے بشمول ریاست کے کچھ مقامات پرآنے والے سیلاب، کچھ اضلاع میں خشک سالی کے سبب ریاست کے خزانے پر راحتی کارروائیاں کرنے کا بوجھ بھی پڑا ہے۔ لیکن اقتصادی کفایت شعاری کے ذریعے یہ بوجھ گھٹانے کے لیے کوئی احکامات اب تک جاری نہیں ہوئے۔اس کی وجہ سے وزیراعلیٰ کی زبانی ہدایات کا کوئی اثر نہیں ہوا۔