وزیر اعظم مودی کا اجے بھارت ، اٹل بی جے پی پر زور ، کہا : مہا گٹھ بندھن سے کوئی خطرہ نہیں
04:23PM Sun 9 Sep, 2018
Share:
وزیر اعظم نریندر مودی نے اٹل بھارت، اور اٹل بی جے پی( ناقابل تسخیر ہندوستان اور اٹل بی جے پی) کا نیا نعرہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی 2019 کا عام انتخابات اپنی ترقیاتی کاموں اور ملک کے سوا سو کروڑ لوگوں کے اعتماد کی بدولت جیتے گی۔ مودی نے بی جے پی کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ کے اختتامی اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار گھمنڈ کی چیز نہیں ہے یہ کرسی کے لئے نہیں بلکہ عوامی مفاد کے لئے کام کرنے کا آلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی عوامی کام کی وجہ سے جیتی ہے اور ہمارے پاس پالیسی اورحکمت عملی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے لئے کوئی چیلنج نظر نہیں آرہا ہے ۔ جمہوریت میں اپوزیشن بہت ہی اہم ہوتا ہے، لیکن یہ مایوس کن ہے کہ جوپارٹی حکمرانی میں ناکام ہو گئی ہے وہ اپوزیشن میں بھی ناکام ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صحیح مسائل نہیں اٹھا پا رہاہے۔ وہ جھوٹے الزامات لگا رہے اور اسی کو دوہرا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا ’’ وہ نہ مسائل پر لڑتے ہیں اور نہ کام پر لڑتے ہیں ،وہ جھوٹ پر لڑتے ہیں ،جھوٹ گڑھنا ان کی عادت بن گئی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں جھوٹ سے لڑنا نہیں آتا ،لیکن اب ہمیں جھوٹ کا جواب دینا آنا چاہئے۔ ہمیں حقائق کی بنیاد پر کانگریس کے جھوٹ کو بے نقاب کرنا چاہئے۔