اقوام متحدہ کے 73 ویں سیشن میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچیں سشما سوراج ، پاکستان پھر اٹھائے گا مسئلہ کشمیر
03:26PM Mon 24 Sep, 2018
وزیر خارجہ سشما سوراج اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 73 ویں سیشن میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئی ہیں۔ نیویارک میں وہ ہندوستان کی نمائندگی کریں گی اور اپنے عالمی ہم منصبوں کے ساتھ متعدد دوطرفہ اور دیگر میٹنگوں میں شرکت کریں گی ۔ 29 ستمبر کو سشما سوراج جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گی ۔ بتایا جارہا ہے کہ پاکستان اس پلیٹ فارم کا استعمال ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر کو اٹھانے کیلئے کرے گا ۔
تاہم اس بابت ہندوستان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی ایک عالمی پلیٹ فارم ہے اور اس کا استعمال عالمی معاملات کو اٹھانے کیلئے کیا جانا چاہئے۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے سید اکبرالدین نے کہا کہ جنرل اسمبلی عالمی مسائل کو اٹھانے کا عالمی پلیٹ فارم ہے ۔ حالانکہ اپنے مفادات کو دیکھتے ہوئے ہر ملک اپنے طریقہ سے اس پلیٹ فارم کا استعمال کرنے کیلئے آزاد ہے۔
سید اکبر الدین نے مزید کہا کہ اگر کوئی ملک ایک ہی معاملہ کو بار بار اٹھانا چاہتا ہے تو یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ مسلسل اس طرح کی چیزوں کو اٹھاتے رہیں ، ہم نے اس طرح کی صورتحال کا سامنا پہلے بھی ڈٹ کر کیا ہے اور ہم مطمئن ہیں کہ ایسا ہم دوبارہ بھی کریں گے۔