عارف محمد خان کوشکست دے کرچوتھی بارانڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے صدربنےسراج الدین قریشی

12:09PM Tue 8 Jan, 2019

نئی دہلی: انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے انتخابات میں سابق مرکزی وزیرعارف محمد خان کوشکست دے کرچوتھی بارسراج الدین قریشی صدرمنتخب ہوگئے ہیں۔ انہوں نےعارف محمد خان کوبڑے فرق سے شکست دی ہے۔ انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سراج الدین قریشی صدر ہوں گے جبکہ نائب صدرایس ایم خان ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد سراج الدین قریشی کو1339 ووٹ ملے جبکہ عارف محمد خان کو 702 ووٹوں پراکتفا کرنا پڑا۔ جبکہ نائب صدرکے لئے ایس ایم خان نے 1036 ووٹ حاصل کرکے جیت حاصل کی۔ واضح رہے کہ نائب صدرکے لئے پانچ امیدوارانتخابی میدان میں تھے، لیکن پہلے سے ہی مضبوط سمجھے جارہے ایس ایم خان کو ہی کامیابی ملی ہے۔
  سراج الدین قریشی پینل کے 12 امیدوارجیت گئے ہیں جبکہ بورڈ آف ٹرسٹی میں نثاراحمد کوشکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آزاد امیدوارکی حیثیت سے قسمت آزمانے والے قمراحمد جیت گئے ہیں۔ واضح رہے کہ قمراحمد دہلی اقلیتی کمیشن کےسابق چیئرمین اورآئی پی ایس افسرکے طورپرخدمات انجام دے چکے ہیں۔ بورڈ آف ٹرسٹی کے لئے ابرار احمد، ابوذرحسین خان، احمد رضا، جمشید زیدی، قمراحمد، شرافت اللہ اورشمیم احمد الیکشن جیت گئے ہیں جبکہ ایگزیکٹیوکمیٹی کے لئے بدرالدین خان، بہاریوبرقی، شاہانہ بیگم اورسکندرحیات کو کامیابی ملی ہے۔
 اس سے قبل گزشتہ روزسراج الدین قریشی کو ناقابل تسخیرسبقت حاصل ہوگئی توان کے حامیوں نے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے خوشی کا اظہارکیا۔ گزشتہ روزپیرکوصبح 10 بجے ووٹوں کی گنتی ہونی تھی، لیکن دھاندلی کے الزامات اوراعتراضات کو مدنظررکھتے ہوئے انتظامیہ نے شفافیت برقراررکھنے کی کوششوں کے درمیان ووٹوں کی گنتی کافی تاخیرسے شروع ہوئی تھی۔  شفافیت کو برقراررکھنے کے لئے ووٹوں کی گنتی کی  ویڈیوریکارڈنگ کی جارہی ہے اورڈسپلے بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اتواریعنی 6 جنوری 2019 کوانڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے لئے انتخاب عمل میں آیا تھا، جہاں 1800 میں سے1117 ووٹوں کی پولنگ ہوئی تھی، جبکہ پوسٹل کے ذریعہ کل 932 ووٹ آئے۔ مجموعی طورپر2049 رائے دہندگان نے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے38 امیدواروں کی قسمت کافیصلہ کرنے کے لئے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ اس انتخاب میں 1165 رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال نہیں کیا ہے۔ دراصل انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے مجموعی ممبران کی تعداد 3214 ہے۔