ہندوستان بنا7ویں بار ایشیائی کرکٹ کا سلطان آخری بال پر فیصلہ

02:05PM Sat 29 Sep, 2018

دوبئی۔28 ستمبر(ایجنسیز) ایشیا کپ کے خطابی مقابلے میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کو 3 وکٹس سے شکست دے کر ساتویں بار خطاب پر اپنا قبضہ جما لیا ہے ۔ ٹیم انڈیا کیلئے 223 رن کا ہدف ایک وقت میں اہم چیلنج ہوگیا تھا لیکن ٹیم نے 7 وکٹ کے نقصان پر چھوٹی چھوٹی شراکت کے ساتھ یہ خطابی جیت اپنی جھولی میں ڈال لی ۔ آخری بال تک یہ میچ بہت ہی دلچسپ رہا اور ایسے وقت میں جب کہ سب کی سانسیں تھم گئی تھیں اس وقت آخری بال پر کیدار جادھو اسٹرائک پر تھے اور انہوں نے سوئپ شارٹ کھیل کر ہندوستان کو جیت دلانی چاہی لیکن ہندوستان کی جھولی میں یہ رن لیگ بائک کی شکل میں آیا اور اس طرح جیت کے ساتھ ہندوستان اپنے خطاب کی حفاظت میں کامیاب رہا۔ ٹیم انڈیا کی جانب سے روہت شرما نے سب سے زیادہ 48 رن بنائے ۔ اس کے علاوہ شیکھر دھون نے 15،رائیڈو نے 2،کارتک نے 37، دھونی نے 26،کیدار جادھو نے 23(ناٹ آؤٹ) جڈیجہ نے 23، بھونیشورنے 21،اور کلدیپ یادو نے 5رن بنائے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے مستفیض اور روبیل نے 2-2 جب کہ نجم الاسلام، مشرف مرتضیٰ اور محموداﷲ نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ٹاس ہارکر پہلے بلے بازی کرنے اتری بنگلہ دیش کی ٹیم نے اچھی شروعات کی مگر اس کے بعد لگاتار اس کے وکٹ گرتے رہے۔ اوپنر لٹن داس(121)اور مہندی حسن (32) کے درمیان 120 رنوں کی اوپننگ ساجھیداری کے دم پر بڑے اسکور کی طرف بڑھ رہے بنگلہ دیش کو اس کے3 کھلاڑی کے رن آؤٹ اور ہندوستانی گیندبازوں کی شاندار واپسی نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جمعہ کو 48.3اوور میں 222رن پر روک دیا۔بنگلہ دیش کے 222رن میں اکیلے 121رن کی شراکت لٹن کی رہی جنہوں نے کسی بنگلہ دیشی بلے باز کا ہندوستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور ہے ۔ لٹن نے 117گیندوں پر 121رن میں 12چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ 23سالہ لٹن نے اپنے 18ویں میچ میں جاکر اپنا پہلی ون ڈے سنچری بنائی۔ لٹن کو چائنا مین گیند باز کلدیپ یادو نے مہندر سنگھ دھونی کے ہاتھوں اسٹمپ کرایا۔لٹن 41ویں اوور میں ٹیم کے 188 رن کے اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا یہ فیصلہ اس وقت تک غلط رہا جب لٹن اور حسن نے ہندوستانی تیز اور اسپین گیند بازوں کا شاندار طریقے سے مقابلہ کرتے ہوئے اوپننگ ساجھیداری میں 5ء20 اوور میں 120 رن بناڈالے تھے لیکن پارٹ ٹائم اسپنر کیدار جادھو نے جیسی ہی حسن کو انباٹی رائیڈو کے ہاتھوں کیچ کرایایہ ساجھیداری ٹوٹ گئی، اس کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔حسن نے 59 گیندوں پر 32 رن کی اننگز میں تین چوکے لگائے ۔ عمروالقیس محض دو رن بنانے کے بعد لیگ اسپنر یوجویندر چہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ کیدار نے فارم میں چل رہے مشفق الرحیم کو جسپریت بمراہ کے ہاتھوں کیچ کرا یا۔ پاکستان کے خلاف 99رن بنانے والے رحیم فائنل میں 9گیندوں میں پانچ رن ہی بنا سکے ۔ محمد متھن نے دو رن بنانے کے بعد رویندر جدیجہ کی شاندار فیلڈنگ کے سبب رن آوٹ ہوگئے ۔ بنگلہ دیش کا دوسرا وکٹ 128، تیسرا 137 اور چوتھا وکٹ 139رن کے اسکور پر گرا۔محموداللہ کو کلدیپ نے اپنا پہلا شکار بنایا اور بنگلہ دیش کا اسکور پانچ وکٹ پر 151رن ہوگیا۔ لٹن نے سومیہ سرکار کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لئے 37 رن کی شراکت داری کرکے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی لیکن کلدیپ نے لٹن کو اسٹمپ کراکر بنگلہ دیش کی جدوجہد ختم کردی۔ دھونی کی یہ اسٹمپنگ واقعی لاجواب تھی۔کلدیپ کی گگلی پر کپتان مشرف مرتضی بھی اسٹمپ ہوگئے ۔ نجم الاسلام کو متبادل کھلاڑی منیش پانڈے نے رن آوٹ کیا۔ سومیہ سرکار کو رائیڈو نے اپنے تھرو سے رن آوٹ کردیا۔ سرکار نے 45 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 33رن بنائے اور ان کی اننگز کی وجہ سے ہی بنگلہ دیش 200کے پا ر پہنچ سکا۔ بمراہ نے روبیل حسین کو بولڈ کرکے بنگلہ دیش کی اننگز سمیٹ دی۔ہندوستان کی طرف سے کلدیپ نے 45رن پر سب سے زیادہ تین وکٹ لئے جبکہ کیدار نے 41رن پر دو وکٹ لئے ۔ بمراہ کو 39رن پر ایک وکٹ اور چہل کو 31رن پر ایک وکٹ ملا۔