7مختلف زبانوں میں ٹرینوں کی آن لائن بکنگ کی سہولت دیہی علاقوں اورچھوٹے ٹاؤنس کے صارفین کے لئے ’’کنفرم ٹکٹ‘‘ نے نیا ایپ لانچ کیا
03:07PM Fri 12 Apr, 2019
بنگلورو۔12؍اپریل(سالارنیوز) ٹرینوں کے ذریعہ سفر کرنے والوں کو ٹکٹوں کی بکنگ اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے والے شہر کے آن لائن ٹکٹ ڈسکواری اینڈ بکنگ انجن ’’کنفرم ٹکٹ‘‘(Confirmtkt) نے ہندوستان کے چھوٹے ٹاؤنس اور دیہی علاقوں سے لاکھوں نئے صارفین کو اپنی طرف راغب کرنے اور ان کے لئے خدمات فراہم کرنے کے مقصدسے مختلف زبانوں پر مبنی ہمہ لسانی ایپ کی لانچنگ کا اعلان کیاہے۔ یہ ایپ اب انگلش کے علاوہ7مختلف زبانوں،ہندی ،تمل،تلگو،کنڑا، مراٹھی ،ملیالم اور بنگالی میں دستیاب ہے۔ اس پلیٹ فارم سے نئی زبانوں کو جوڑنے کے بعد اس کے استعمال کرنے والوں کی تعداد میں1.8فیصد اضافہ ہواہے اور یہ تعداد دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے۔ ہندوستانی زبانوں کے انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کی وجہ سے اس سہولت سے18 فیصد فائدہ ہوگا اور2021تک یہ تعداد 536 ملین ہونے کااندازہ ہے۔ گوگل اور کے پی ایم جی کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے انٹرنیٹ صارفین میں مختلف زبانوں میں اس کا استعمال کرنے والوں کی تعداد75فیصد ہے۔ نئے ایپ کی لانچنگ کے موقع پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کنفرم ٹکٹ کے شریک بانی اور سی ای او دنیش کمارکوٹھا نے بتایا کہ کنفرم ٹکٹ کے استعمال کرنے والوں کی50فیصد سے زیادہ تعداد شہری علاقوں سے نہیں ہے اور یہ لوگ اپنے شہروں کی زبان استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال کنفرم ٹکٹ کے ذریعہ بکنگ کرنے والوں میں 3.73فیصد غیر انگریزی والے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی اس میں مزید3؍زبانوں گجراتی، پنجابی اور اڑیسہ کوشامل کرناچاہتی ہے۔