مظفر نگر فرقہ وارانہ تشدد ؛آئی بی این 7ٹی وی صحافی سمیت چھ افراد ہلاک؛کرفیو نافذ

02:52AM Sun 8 Sep, 2013

بھٹکلیس نیوز 7ستمبر 13 لکھنؤ: مظفر نگر کے  تین مختلف  علاقوں میں دو فرقوں کے درمیان زبردست فسادات کے بعد کرفیو نافذ کردیا گیا۔ جس میں ایک ٹی وی صحافی سمیت چھ افراد ہلاک اور 34 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ دس دن قبل کول گاؤں میں ہوئی جھڑپ کے بعد کشیدگی پھیل گئی تھی۔اس سلسلہ میں اُتر پردیش ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولس مسٹر ارون کمار نے کہا کہ اس فرقہ وارانہ تشدد میں ایک آئی بی این 7ٹی وی صحافی راجیش ورما سمیت چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ اسکے علاوہ پولس کی جانب سے خدمات انجام دے رہا فوٹو گرافر اسرار بھی ہلاک ہوا ہے۔ضلع میں پولس کے زبردست انتظامات کے باوجودیہ فساد اُبھر کر آیا ہے۔مسٹر کمار نے مزید کہا کہ ضلع کے کول گاؤں میں 27 اگست کو تین افراد کی ہلاکت ہوئی تھی ۔موٹر بائک پر تین افراد  سوار خواتین کو چھیڑ نے کے سبب معمولی تنازعہ پیدا ہو گیا تھا۔ اس دوران دونوں فرقوں نے ایک دوسرے پر بھاری اینٹوں و پھتروں سے وار کیا جس کے دوران کئی زخمی ہوئے ۔مسٹر کمار نے مزید کہا کہ ضلع کے سیول لائن،کوٹوالی اور نئی منڈی پولس تھانہ کے تحت آنے والے علاقہ میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔اورہجوم کو منتشر کرنے کے لئے پولس کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے۔ موصوف نے مزید کہا کہ ریاستی سرکار کی جانب سے اس فسادت میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں کو 2 لاکھ اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپے کا معاوضہ دینے کااعلان کیا گیا ہے۔