بھٹکل کے نوجوان میں کورونا کی تصدیق سے بھٹکل کے عوام کو گھبرانے کی نہیں ہے ضرورت؛ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر
02:20PM Sun 22 Mar, 2020
بھٹکل: 22 مارچ، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) دبئی سے لوٹے بھٹکل کے ایک 22 سالہ نوجوان کو کورونا وائرس ہونے کی تصدیق کے بعد بھٹکل کے عوام میں افراتفری مچی ہوئی ہے۔ اس درمیان بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر نے تحصلدار دفتر میں ہنگامی میٹنگ طلب کرتے ہوئے اخباری نمائندوں سے کہا ہے کہ اس سے بھٹکل کے عوام کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ اس نوجوان کو بھٹکل میں یہ مرض لاحق نہیں ہوا ہے بلکہ وہ نوجوان 19 مارچ کو دبئی سے لوٹا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ نوجوان دبئی سے لوٹنے کے بعد نہ بھٹکل آیا ہے اور نہ ہی اپنے گھر والوں سے ملا ہے بلکہ اس کے لوٹتے ہی اسے مینگلور کے ایسولیشن سینٹر میں رکھا گیا تھا۔ اے سی نے مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اس نوجوان کے ساتھ مزید لوگ بھی ہیں جن کی منفی رپورٹ سامنے آئی ہے لیکن وہ اب بھی ہماری نگرانی میں ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے عوام کو غلط خبریں پھیلاکر ڈر پیدا کرنے سے احتراز کرنے کی تاکید کی ہے اور غلط خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی دھمکی دی ہے۔
اس خبر کے سامنے آنے کے بعد ہی عوام کو سوشیل میڈیا پر نوجوان کا پتہ اور نام شائع کرتے ہوئے دیکھا جارہا ہے جو کہ سراسر غلط ہے۔ اس سلسلہ میں عوام کو چاہئے کہ وہ احتیاط سے کام لیں اور غلط خبریں اور نام وغیرہ کے ہھیلانے سے حتی الامکان گریز کریں۔