عدالت کی نگرانی میں وجے مالیہ معاملہ کی تفتیش ہو: کانگریس

12:15PM Sat 15 Sep, 2018

کانگریس نے مودی حکومت پر عام لوگوں کی بجائے ’گھپلہ بازوں‘ کے لئے کام کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ بنکوں کا کروڑ روپے کا قرض لیکر فرار ہوئے وجے مالیا کے معاملہ میں حکومت اور مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا۔ اس لئے اس کے ملک سے فرار ہونے کے تعلق سے عدالت کی نگرانی میں آزادانہ تفتیش کرائی جانی چاہئے۔ کانگریس کے میڈیا پینل کے رکن جے ویر شیرگل نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ مالیا کو بھگانے میں جس طرح سی بی آئی کے ایک جوائنٹ ڈائرکٹر کا کردار سامنے آیا ہے اس کے بعد نہ تو حکومت اور نہ ہی تفتیشی ایجنسی پر اعتماد کیا جاسکتا ہے۔ اس لئے ہم اس معاملہ کی آزادانہ جانچ کی مانگ کرتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ تفتیش عدالت کی نگرانی میں کرائی جائے۔ شیرگل نے کہا کہ یہ حکومت ’کامن مین‘ (عام آدمی) کی جگہ ’کون مین‘ (گھپلہ بازوں) کے لئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ گزشتہ چار برس میں 23ہزار بنک گھپلے ہوئے ہیں جن میں گھپلہ بازوں نے بنکوں کو 90ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا چونا لگایا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس دوران وجے مالیا، نیرو مودی، میہول چوکسی اور راجیو گوئل سمیت 23 بڑے گھپلہ باز بنکوں کا پیسہ لیکر حکومت کی مدد سے بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں۔