سرکاری ڈاکٹر اگر کلینک چلائیں تو کارروائی کی جائے گی: جگناتھ
01:33PM Wed 9 Jan, 2019
کے آر پیٹ:9؍جنوری (سالارنیوز) سرکاری اسپتالوں میں کام انجام دے رہے ڈاکٹر اگر پرائیویٹ کلینک یا نرسنگ ہوم میں علاج کرتے ہوئے پائے گئے تو فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ وارننگ ٹاؤن کے جنرل اسپتال کے اڈمنسٹریٹیو آفیسر ڈاکٹر بی سی جگناتھ نے دی۔ انہوں نے یہاں جنرل اسپتال میں واقع دفترمیں جنرل اسپتال میں بچے کا علاج کرنے کے لئے رشوت لینے والے ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کررہے آٹو ڈرائیورس یونین کے عہدیداروں اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری کوارٹرس میں ڈاکٹر پرائیویٹ کلینک چلائیں اور علاج کیلئے رقم حاصل کریں یہ قانونی طور پر جرم ہے۔ اس معاملے میں رکن اسمبلی نارائن گوڈا نے بھی فون پر بات کی اور عوام کو تکلیف نہ پہنچانے اور عوام سے پیسہ نہ لینے کی ہدایت دی ہے۔اس کے علاوہ اخباروں میں شائع رپورٹ کی بنیاد پر میں نے متعلقہ ڈاکٹر سے وجہ طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردی ہے اور اس سلسلے میں اعلیٰ افسروں سے شکایت بھی کی گئی ہے۔آٹو ڈرائیور کے بچے کے علاج کے لئے حاصل کی گئی رقم میں خود واپس کرنے تیار ہوں، کسی بھی صورت میں احتجاج نہ کیا جائے۔ آٹو ڈرائیورس یونین کے صدر کے این واسودیو نے کہا کہ رقم واپس لینے کے مقصد سے یہاں جمع نہیں ہوئے ہیں۔ مریضوں کے ساتھ سرکاری ڈاکٹروں کی طرف سے برتے جانے والے سلوک سے آگاہ کرانے اور مریضوں کے ساتھ ٹھیک طریقے سے پیش آنے کا مطالبہ کرنے کیلئے یہاں آئے ہیں۔مریضوں سے رشوت لینے والے ڈاکٹروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور آئندہ کسی بھی مریض سے پیسہ نہ لینے کی ہدایت جاری کریں۔ اس موقع پر ڈاکٹر ششی دھر، ڈاکٹر شری کانت، پرکاش، منجوناتھ، بیشتر اور دیگر حاضر تھے۔