سائنس سےاپنے خالق کو پہچاننے میں بڑی مدد ملتی ہے؛ عبدالقادر باشہ رکن الدین

03:46PM Sat 31 Aug, 2019

شمس اسکول میں منعقد ہونے والے سائنس میلہ کی تعارفی نشست کا انعقاد بھٹکل:31 اگست، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  ’’سائنس اور علم ایسی چیز ہے جس سے ہمارے خالق اور ہمارے معبود کو پہچاننے میں بڑی مدد ملتی ہے اور حقیقی علم وہی ہے جس سے بندہ اپنے معبود کو پہچان سکے ‘‘۔ان خیالات کا اظہار تربیت ایجوکیشن سوسائٹی کے سابق صدر جناب عبدالقادر باشہ رکن الدین صاحب نے کیا، وہ آج یہاں نیو شمس اسکول میں تعلقہ کے تمام اسکولوں  کے سائنس،ریاضی اور سماجی سائنس کے اساتذہ سے مخاطب تھے۔ انہوں نے اے جے اکیڈمی  آف ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ بینگلور اور نیو شمس اسکول کے اشتراک سے دسمبر میں منعقد ہونے والے سائنس میلہ کی تعارفی نشست میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ انسان اور سائنس کے درمیان تعلق 14/سو سال پہلے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں ملتا ہے اور ان پر نازل کی گئی مقدس کتاب میں بھی اس کی مثالیں دیکھی جاسکتی ہیں ۔ افتتاحی خطاب کرتے ہوئے نیو شمس اسکول کی پرنسپال محترمہ فہمیدہ ڈاٹا صاحبہ نے کہا کہ قدیم ہندوستان میں سائنس کا بہت رواج تھا لیکن موجود ہ دور میں سائنس کی تحقیقات ہمارے ملک کے طلبہ سے ناپید ہوتی جارہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں علم و تحقیق کے میدان میں طلبہ بہت ہی کم نظر آتے ہیں۔انہوں نے اس سائنس فیر کا اہم مقصد یہی بتایا کہ اس سے طلبہ میں تحقیق و جستجو کی عادت پیدا ہو گی اور وہ آگے چل کر ملک کو کچھ نئی ایجادات دینے والے بنیں گے۔ اس موقع پر اے جے اکیڈمی کے ڈائریکٹر محمد عبد اللہ جاوید صاحب نے اساتذہ کے سامنے اس سائنس میلہ کی خصوصیات بتائیں اور اساتذہ کو اس کے فوائد سمجھاتے ہوئے طلبہ کو اسی طرز پر تیار کرنے کی ہدایات دیں۔ پروگرام کا آغاز صبح 10:30 بجے اسکول طالب علم یعلی ابن مولانا عزیزالرحمان رکن الدین ندوی کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد سائنس فیر کے کورآرڈنیٹر جناب محمد رضا مانوی صاحب نے حاضرین کا استقبال کیا جبکہ پروگرام کا اختتام ناظم اجلاس مولوی عبداللہ ربیع خلیفہ ندوی کے شکریہ کلمات پر ہوا۔ ڈائس پر بھٹکل بلاک ایجوکیشن افسر مسٹر ایم آر منجی، تربیت ایجو کیشن سوسائٹی کے صدر جناب اسماعیل محتشم صاحب، محترمہ یلما ماری سوامی، آل انڈیا آئیڈیئل اساتذہ ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر مختار احمد کوتوالی اور دیگر موجود تھے۔ اس پروگرام میں مختلف اسکولوں کے قریب 75/اساتذہ نے شرکت کی۔