سعودی علماء شامی جنگجوئوں کی علمی رہ نمائی میں سرگرم!
04:40PM Fri 14 Aug, 2015
شام میں لڑنے والے ہمہ نوع عسکری گروپوں نے اپنی اپنی فتاویٰ کونسلیں تشکیل دے رکھی ہیں جہاں سے ان کے مذہبی مرشدین من مرضی کے فتاوی جاری کرتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ شام میں محاذ جنگ میں سرگرم عسکری گروپوں کو سعودی عرب کے علماء اور مبلغین بھی فتاویٰ کے ذریعے رہ نمائی فراہم کر رہے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق علماء، مشائخ اور مبلغین پر مشتمل "اہل علم کی مجلس شوریٰ" کے نام سے علماء کی ایک نئی کونسل تشکیل دی گئی ہے جس میں سعودی عرب سمیت کئی دوسرے عرب ملکوں کے جید علماء کرام کی آراء سے استفادہ کیا جاتا ہے۔
شام کے محاذ جنگ میں سرگرم "احرار الشام"، شام میں القاعدہ کی ذیلی تنظیم" النصرہ محاذ" اور "اسلامی محاذ" جیسی شدت پسند تنظیمیں بھی شامل ہیں جن کے مفتیان کا بھی اپنا ہی نیٹ ورک ہے، تاہم یہ گروپ بھی بعض اوقات دوسرے ملکوں کےعلماء سے شرعی امور میں صلاح مشورہ کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق "اہل علم کی مشاورتی کونسل" نامی گروپ میں علماء کی ایک طویل فہرست ہے جس میں سعودی عرب، مصر، عراق، سوڈان، مراکش سمیت کئی دوسرے عرب ملکوں کے جید علماء شامل ہیں۔ ان میں بعض بنیاد پرست اور اخوان المسلمون کی صفوں میں شامل رہے مبلغین بھی ہیں۔ کونسل میں شامل بیشتر علماء اپنے اپنے ملکوں میں ٹیلیفون پر رضا کارانہ طور پر اپنے علم دین کی روشنی میں مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہیں۔ شام میں عسکری گروپوں کی فتاویٰ کے ذریعے مدد کرنے والے بعض سعودی علماء کے خیالات پیش کیے جا رہے ہیں۔