کرناٹک میں شراب کی دکانیں کھلنے سے مئے خواروں میں جشن کا ماحول، عوام میں شدید ناراضگی

04:18PM Tue 5 May, 2020

کرناٹک بھر میں شراب کی دکانیں کھلنے کے بعد شراب نوشی کرنے والوں میں جشن کا ماحول دیکھا جارہا ہے۔ کووڈ۔19کی وجہ سے لاک ڈاون کے پیش نظر گذشتہ 40دنوں سے شراب خانے بند تھے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست کے بعض علاقو ں میں شراب خانے کھلوانے کی مشروط اجازت دی گئی ہے، لیکن کرناٹک کے رائچور میں شراب خانوں پر لاک ڈاون کے تحت پابندیوں کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔شراب خانوں پر پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیاگیا ہے۔ اس کے باوجود اکثر لوگوں نے سماجی دوری اور ماسک لگانے جیسے شرائط کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے۔ شراب خانوں پر لاک ڈاون کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کو لیکر مقامی عوام میں شدید تشویش دیکھی جارہی ہے۔ مقامی سماجی کارکنوں نے کوڈ 19کے چلتے لاک ڈاون کے دوران شراب کا کاروبار شروع کرنے پر ریاستی حکومت کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ شراب خانوں پر لاک ڈاون کی خلاف ورزی کے تعلق سے ریاستی حکومت، ضلع انتظامیہ اور پولیس کی خاموشی پر سوالیہ نشان لگارہے ہیں۔ سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت رائچور ضلع جیسے گرین زون علاقوں میں تھوڑی ڈھیل دیتے ہوئے عوام کو راحت پہنچا رہی ہے۔ دوسری طرف شراب کی دکانوں پرلاک ڈاون کی کھلے عام خلاف ورزی اور لوگوں کے ہجوم سے ایک بڑا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ سماجی کارکنوں نے شراب خانوں پر لاک ڈاون کے تحت سرکاری احکامات کی موثر عمل آوری کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی متعلقہ عہدیداروں سے مانگ کی ہے۔