منگلورو میں چرچ پر پتھراؤ کے معاملہ میں ایک ملزم گرفتار

03:28PM Tue 10 Mar, 2015

بھٹکلیس نیوز / 10 مارچ، 15 منگلورو / (پی ٹی آئی) منگلورو کے قریب واقع سینٹ جوژف نامی چرچ کے پریئر سینٹر میں پتھراؤ کرنے کے معاملہ میں منگلورو پولس نے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے جس کی شناخت آنندا (30) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پولس کمشنر ایس مروگن نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ملزم نے پولس کو اس معاملہ میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اس چرچ میں کئی مدت سے ملازمت کرتا تھا لیکن وہاں اس کا مشاہرہ نہ بڑھانے کے سبب اس معاملہ کے دو ہفتہ قبل اس نے ملازمت چھوڑ دی۔ پولس کمشنر نے مزید کہا کہ اس سانحہ کی رات ملزم شراب کے نشہ میں دھت ہوکر پریئر ہال میں داخل ہوا اور میری کے مجسمہ پر پتھر برسائے جس کے نتیجہ میں میری کے مجسمہ کو ڈھنکا ہوا گلاس ٹوٹ گیا۔ خیال رہے کہ اس سلسلہ میں عیسائی کمیونٹی نے بہت بڑا احتجاج کیا تھا اور ملزم کو گرفتار کرنے کی مانگ کی تھی۔ آنند کو گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں اس عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔