ہندو جاگرن ویدیکے کے ممبران نے خود اپنے ہی کا رکن کا کیا قتل۔۔6ملزمین گرفتار
03:35PM Mon 20 Feb, 2017
بھٹکلیس نیوز / 20 فروری، 17
منگلورو (نامہ نگار) یہاں سے قریب نیدّیل مارولی نامی مقام پر ہندوجاگرن ویدیکے کے کارکنان نے اپنے ہی ایک رکن کو قتل کرڈالا۔
اطلاع کے مطابق تلواروں سے لیس ایچ جے وی کے دس اراکین نے صبح ایک بجے کے قریب اپنے دو ساتھی پرتاپ اور منی کنٹھا کا پیچھا کیا اور ایک مکان کے احاطے میں گھیر کران پر قاتلانہ حملہ کیا۔ جس کے نیتجے میں پرتاپ موقع پرہی ہلاک ہوگیا اور منی کنٹا زخمی ہوکر بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔ جو اب اسپتال میں زیرعلاج بتایا جارہا ہے۔
کہاجاتا ہے کہ حملہ آور وں کے نشانے پر اصل میں منی کنٹا ہی تھا، مگر پرتاپ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔اس حملے کے پیچھے دو اسباب بتائے جاتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ تین سال قبل کٹیل مندر میں یکشا گان کرنے والے فنکار کی رقم ایچ جے وی کے کارکنان نے چرالی تھی۔ اور منی کنٹا نے اس کی تفصیل پولیس کو بتائی تھی۔ جس کی وجہ سے منی کنٹا سے بدلہ لینے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ کچھ لوگوں کے خیال میں اس کا دوسرا سبب چند دن پہلے پمپ ویل کے مقام پر بینرس لگانے کے مسئلے سے ہے جہاں ہندتووادی دوگروپوں کے درمیان تصادم ہوا تھا۔
اس قتل کے الزام میں پولیس نے 6 چھ ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے ۔جن میں سے چار کی شناخت وشنو، متھن، نیشو اور کوشی کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے ان میں سے ایک ملزم کے گھر سے حملہ میں استعمال کی گئی تلواریں ضبط کی گئی ہیں۔کنکن ناڈی پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے۔