شرالی جنتا ودھیالہ اسکول کے میدان میں جنگلی خنزیروں کا راج؛ طلبہ میں بڑھ رہا ہے خوف و ہراس

03:02PM Thu 29 Aug, 2019

بھٹکل: 29 اگست،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) شرالی جنتا ودھیالیہ اسکول میدان میں جنگلی خنزیروں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتے جارہا ہے جس سے طلبہ اسکول کے میدان میں آنے سے گھبرا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں اسکول پرنسپال نے بتایا کہ اسکول کے کیمپس میں روز بروز جنگلی خنزیروں کی بڑھتی تعداد سے انہیں کافی تشویش ہورہی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اس تعلق سے محکمہ جنگلات کو خبر کردی گئی ہے لیکن اب تک انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ واضح رہے کچھ دنوں قبل بھٹکل کے ساگر روڈ پر جنگلی خنزیروں کا ایک جھنڈ سواریوں کے سامنے آجانے سے کئی افراد گاڑیوں سے گر کر زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد محکمہ جنگلات نے انہیں وہاں سے بھگا دیا تھا۔ اب اسکول میں اس طرح سے خنزیروں کا آنا ہر ایک کے لیے اور خصوصی طور پر چھوٹے طلبہ کے لیے بڑی مصیبت بنی ہوئی ہے۔ متعلقہ محکمہ کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر اس سلسلہ میں کارروائی کریں اور ضروری اقدامات کرکے انہیں آبادی والے علاقوں سے دور بھگائیں تاکہ اس سے کسی کی جان و مال کو کوئی نقصان نہ ہو۔