اجودھیا معاملہ میں رام مندر کے اہم فریق مہنت بھاسکر داس کا انتقال
01:56PM Sat 16 Sep, 2017
اجودھیا۔ (یو این آئی) اجودھیا کے مند ر۔مسجد تنازعہ کے اہم فریقوں میں سے ایک نرموہی اکھاڑہ کے مہنت بھاسکر داس کا آج صبح سویرے یہاں انتقال ہوگیا۔ وہ تقریباََ 90برس کے تھے۔ اجودھیا تنازعہ میں پرم ہنس رام چندر داس ، محمد ہاشم انصاری اور مہنت بھاسکر داس ہی بنیادی طورپر اہم فریق سمجھے جاتے تھے ۔ دو کا انتقال پہلے ہی ہوچکا ہے جبکہ مسٹر بھاسکر داس نے صبح سویرے تقریباََ ساڑھے تین بجے آخری سانس لی۔
وہ گزشتہ کچھ دنوں سے سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے اسپتال میں داخل تھے۔ انہیں فالج کی بھی شکایت تھی۔ نرموہی اکھاڑہ کے ذرائع کے مطابق انہیں شام کو سرجو میں ’جل سمادھی‘ دی جائے گی۔