بھرت پور حادثہ پر وزیر اعظم مودی نے افسوس کا اظہار کیا ، مدد دینے کاکیا اعلان
02:29PM Fri 12 May, 2017
نئی دہلی، 11؍مئی(آئی این ایس انڈیا )
وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان کے بھرت پور حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ کے لیے وزیر اعظم قومی راحت فنڈ سے دو دو لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو بھی 50-50ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔پی ایم او نے سوشل میڈیا ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیر اعظم مودی کی جانب سے بھرت پور میں ایک شادی کی تقریب کے دوران دیوار گرنے سے لوگوں کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھرت پور کے واقعہ سے مجھے تکلیف پہنچی ہے، جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔میں مہلوکین کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، میں زخمیوں کے جلد صحت مند ہونے کی خواہش کا اظہار کرتا ہوں۔قابل ذکر ہے کہ بھرت پور کے مالی پور ہ میں بدھ کی رات ایک شادی کی تقریب میں طوفانی بارش کے دوران دیوار گر گئی جس کے نیچے دبنے سے 25لوگوں کی موت ہو گئی تھی، اس حادثے میں 28افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے کچھ کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔