عراق : مسجد پر حملہ ،68 نمازی جاں بحق

03:40PM Fri 22 Aug, 2014

بھٹکلیس نیوز/22،اگست14 بغداد/عراق کے صوبے دیالا میں اہل سُنت کی ایک مسجد پر شیعہ ملیشیا کے حملے میں اڑسٹھ افراد جاں بحق اور دسیوں زخمی ہوگئے ہیں۔عراق کے ایک فوجی افسر اور ایک پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ شیعہ ملیشیا نے بغداد سے شمال مشرق میں واقع صوبہ دیالا کے گاؤں امام ویس میں مسجد مصعب بن عمیر پر نماز جمعہ کے وقت حملہ کیا ہے۔پہلے ان کے ایک بمبار نے مسجد کے بیرونی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا اور اس کے بعد مسلح حملہ آوروں نے مسجد کے اندر گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ دو میڈیکل افسروں نے حملے میں اڑسٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔تاہم انھوں نے زخمیوں کی حتمی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شیعہ جنگجوؤں کے حملے میں مرنے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے لیکن اس اطلاع کی فوری طور پرتصدیق ممکن نہیں۔عراقی حکام کا کہناہے کہ دولت اسلامی عراق وشام (داعش) سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں نے اس علاقے میں آباد دومقامی قبائل آل ویس اور الجبور کو اپنے ساتھ ملنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی ہے مگر ان دونوں قبیلوں نے اب تک داعش کے ساتھ شامل ہونے سے انکار کیا ہے۔