امریکہ میں کرونا کے مریضوں کی دیکھ بھال میں پیش پیش مسلمان ڈاکٹرز؛ بھٹکل کے ڈاکٹر طیب جوکاکو بھی ہیں شامل

04:17PM Wed 29 Apr, 2020

بھٹکل: 29 اپریل، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) امریکہ میں کورونا کے دن بدن بڑھتے واقعات کے درمیان خبریں آرہی ہیں کہ امریکی ریاست مشی گن میں 15 فیصد مسلمان ڈاکٹر ہیں جو کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ مختلف ممالک سے آئے ان ڈاکٹروں میں ایک کا تعلق بھٹکل سے بھی ہے۔ بھٹکل کی مشہور شخصیت مرحوم جوکاکو شمس الدین صاحب کے فرزند ڈاکٹر طیب جوکاکو کئی سالوں سے امریکی ریاست مشی گن میں میڈیکل کے شعبہ سے وابستہ ہیں اور اب کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے میں بھی پیش پیش ہیں۔ انہوں نے ایک امریکی اخبار کو دیے اپنے انٹریو میں کہا کہ یہاں میرٹ حاصل کرنے والے اور محنت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اسی لیے بہت سے ڈاکٹر یہاں آئے جن کی یہاں ضرورت بھی تھی۔ ڈاکٹر طیب کا کہنا ہے کہ وہ جس ملک سے آئے ہیں وہاں ڈاکٹروں کو احترام سے دیکھا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ 2017 کے ایک سروے کے مطابق میڈیکل کے شبعہ سے منسلک یہ ملسمان ہر سال سولہ لاکھ مریضوں کو دیکھتے ہیں۔ بھٹکل سے تعلق رکھنے والے جناب طیب جوکاکو کا امریکہ میں اس شعبہ سے منسلک ہوکر خدمت انجام دینا بھٹکل والوں سمیت دیگر مسلمانوں کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے۔