بھٹکل میں 67؍ویں یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریبات
02:11AM Fri 16 Aug, 2013
بھٹکل میں 67؍ویں یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریبات
بھٹکلیس نیوز ؍ 15 اگست،2013
بھٹکل (نامہ نگار)67؍ویں یوم آزادی کے موقع پر بھٹکل کے مختلف تعلیمی اداروں ،سرکاری و غیر سرکاری دفاتر میں ترنگا لہراکر یوم آزاد ی کا جشن منا یا گیا۔عوام کے لئے بھٹکل پولس گراؤنڈ میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بھٹکل کے اسٹنٹ کمشنر مسٹر وی آرپی منوہر نے ترنگا لہرا کر اسے سلامی پیش کی۔ جس کے بعد پولس اہلکار ، این سی سی اور دیگر اسکولی طلبہ نے ٹاؤن پی ایس آئی جانسن ڈیسوزا کی قیادت میں مارچ پاسٹ کا اہتمام کیا ۔ بعد ازاں بھٹکل کے اے سی مسٹڑ وی آر پی منوہر نے اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے تمام شہریوں کو یوم آزادی کی مبارکبادی دی۔موصوف اسسٹنٹ کمشنر نےاس موقع پر کہا کہ آج کا دن ہر ہندوستانی کے لئے بہت ہی اہمیت کا دن ہے کیونکہ اسی دن ہم ہندوستانیوں کوآزادی نصیب ہوئی تھی ۔موصوف نے اس موقع پر سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دلاتے ہوئے کہا کہ سرکار کی طرف سے ایسی کئی اسکیمیں جاری کی گئی ہیں جس سے ہر کوئی فائدہ اُٹھا کر آگے بڑھ سکتا ہے اس لئے اس کے سلسلہ میں معلومات حاصل کرتے رہنا چاہئے اور جو اس کے مستحق ہوں ان تک اس کو پہنچانا چاہئے ۔صدارتی خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی مسٹر منکال ویدیا نے آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیشک یہ دن ہمارے لئے بہت ہی اہمیت والا دن ہے لیکن ہمیں اس موقع پر ان شہیدوں کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہئے جن کی بدولت آج ہمیں یہ دن دیکھنا نصیب ہوا ہے ۔موصوف نے اس موقع پرتعلیم کی اہمیت کے تعلق سے بھی مفید باتیں کہیں ۔ ڈائس پر مذکورہ حضرات کے علاوہ اے ایس پی مسٹر سدھیر کمارریڈی،تعلقہ پنچایت صدر شانتی ، انچارج تحصلدار جناب عبدالغنی صاحب ، بھٹکل بلاک ایجوکیشن آفیسر مسٹر دیوی داس موگیراور دیگر حضرات موجود تھے۔ اس تقریب کو دیکھنے کے لئے بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے کئی ایک ممبران اور دیگر مسلم و غیر مسلم حضرات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔