سابق وزیر خارجہ اور بی جے پی کی سینئر لیڈر سشما سوراج کا 67 سال کی عمر میں انتقال؛ سرکاری اعزاز کے ساتھ آج ادا ہونگی آخری رسومات
05:54AM Wed 7 Aug, 2019
Share:
بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینئر لیڈر اور سابق وزیرخارجہ سشما سوراج کل دیر رات انتقال کرگئیں۔ وہ 67 برس کی تھیں۔ ان کے اہل خانہ میں ان کے شوہر سوراج کوشل اور ایک بیٹی ہیں۔ سشما سوراج کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) لایا گیا ، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں وینٹی لیٹر پرلے کر بچانے کی کوشش کی ، لیکن ان کے جسم نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ خیال رہے کہ ان کا گردہ ٹرانسپلانٹ تقریبا تین برس پہلے کیا گیا تھا۔ حالانکہ وہ اس سے اچھی ہوگئیں تھیں۔
سابق وزیر خارجہ کی آخری رسومات آج تین بجے ادا کی جائیں گی ۔ لودھی روڈ پر واقع شمشان گھاٹ میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی ۔ اس سے پہلے ان کے جسد خاکی کو دن میں 12 بجے بی جے پی کی ہیڈ کواٹر میں آخری دیدار کیلئے لایا جائے گا ۔
یادرہے کہ 2016میں گردے کی خرابی کے باعث سشما سوراج پریشان تھیں۔ کڈنی ٹرانس پلانٹ کے بعد پریشانیاں بڑھتی گئیں۔ ذیابطیس کی وجہ سے کڈنی میں پریشانی بڑھی تھی۔وزیر خارجہ کی حثیثت سے غیرممالک میں ہندوستانیوں کی مدد کرنےمیں سشما سوراج پیش پیش رہیں۔ جب بھی بی جے پی پارٹی کو ضرورت پڑی سشما سب سے آگے کھڑی رہیں۔ وہ بی جے پی کی جانب سے سات بار رکن پارلیمان منتخب ہوئیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے وزارتِ خارجہ کے باوقارعہدے پرفائزرہتے ہوئے انہوں نے بھارت کی خارجہ پالیسیزکو بہتر بنایا۔ مشرقی وسطیٰ کے ممالک ہوں یا یورپی ممالک ہوں،ایشیائی پڑوسی ہوں یا افریقی دوست ممالک سب کے ساتھ ہندوستان کے خوشگوار مراسم، یکجہتی اور جذبہ خیر سگالی کو مستحکم رکھنے کا کام کیا۔
جموں و کشمیر کے سرحدی تنازعات اور وہاں کے عوامی مسائل پر انہوں نے متوازن موقف اختیار کیا۔ ایسے وقت میں جب مرکز میں بر سر اقتدار حکمراں سیاسی جماعت نے بعض معاملات میں جارحانہ رُخ اختیار کیا ہے، سشما سوراج کے دنیا سے رخصت ہو جانے کی وجہ سے لوگوں میں رنج و غم کا ماحول ہے۔