اترپردیش اسمبلی انتخابات : پہلے مرحلے میں 64.22فیصد ووٹ پڑے: الیکشن کمیشن
04:19PM Sat 11 Feb, 2017
ریاستی اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج مغربی اتر پردیش کے 15 اضلاع کی 73 سیٹوں پر سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان اوسطا 64.22 فیصد لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس دوران چند ایک واقعات کو چھوڑ کر کہیں سے بھی کسی بڑے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔اسمبلی کے 2012 میں ہونے والے انتخابات کی بہ نسبت اس بار پانچ فیصد زیادہ ووٹ ڈالے گئے۔ پہلے ان علاقوں میں 59.6فیصد پولنگ ہوئی تھی۔
سات مراحل میں ہونے والے اسمبلی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں 15 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
ریاست کی تمام 403 نشستوں کیلئے ووٹوں کی گنتی 11 مارچ کو ہوگی اور اسی دن انتخابات کے نتائج آنے کا امکان ہے۔ پہلے مرحلے میں آج کے انتخابات میں تقریبا 2.60کروڑ ووٹر تھے۔
ریاستی الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ووٹنگ ختم ہونے کے وقت شام پانچ تک 65 فیصد سے زیادہ لوگوں نے اپنے ووٹ ڈال لئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ علی گڑھ اور میرٹھ میں 65 فیصد، باغپت میں 67 فیصد، غازی آباد میں 57 فیصد، ایٹہ میں 68 فیصد، بلند شہر میں 64، هاپوڑ میں فیص69 فیصد، فیروز آباد میں 63 فیصد، آگرہ میں 63 اور متھرا میں 67 فیصد لوگو ں نے ووٹ ڈالے۔