62معروف شخصیات راجیہ اتسوا اعزاز سے سرفراز خسروحسینی اوریسوداس تقریب سے غیرحاضر
12:02PM Thu 2 Nov, 2017
بنگلورو۔یکم نومبر(ذرائع) مختلف شعبہ ہائے حیات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 62 شخصیات کو آج شام شہرکے رویندرا کلاکیشترا میں وزیراعلیٰ سدارامیا نے کرناٹک کے باوقار راجیہ اتسوا اعزاز سے نوازا۔یہ ایوارڈ ایک لاکھ روپئے کا چیک 20 گرام سونے کا میڈل اور سپاس نامہ پر مشتمل ہے۔ رویندرا کلاکیشترا میں منعقدہ ایک رنگا رنگ تقریب میں وزیر اعلیٰ سدارامیا اور وزیربرائے کنڑا اینڈ کلچر اوماشری نے ایوارڈ یافتگان کو شال اورگلپوشی کرکے انہیں میسور پیٹھا پہناکر ایوارڈ سے نوازا۔ایوارڈ پیش کرنے کے دوران ایوارڈ یافتگان کا مختصر تعارف بھی پیش کیا گیا ۔اس مرتبہ ایوارڈ یافتگان کی فہرست میں تین مسلمانوں جناب سیداحمد ایثار، جناب ماہرمنصوراور جناب عبدالقادر امام صاحب کو منتخب کیا گیا تھا ۔بعد میں میسور کے پی کے راج شیکھراور میسور ہی کے سیتارام جاگیردار کے نام بدل کر انسانی حقوق کے کارکن رویندرا ناتھ شانباگ (اڈپی) اور حضرت خواجہ بندہ نواز گلبرگہ کے سجادہ نشین جناب سید شاہ خسرور حسینی کو منتخب کیا گیا ۔ لیکن آخری لمحات میں نام کا اعلان کرنے سے جناب خسروحسینی تقریب میں شرکت نہیں کی ۔مشہور گلوکار یسوداس بھی ایوارڈ کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے ۔ اس تقریب میں ریاستی وزیر کے جے جارج، میئر سمپت راج اوردیگر اہم شخصیتوں نے بھی شرکت کی۔