یوپی اسمبلی انتخابات : چوتھے مرحلے میں تقریباً 61 فیصد پولنگ، مہوبہ میں فائرنگ
03:22PM Thu 23 Feb, 2017
لکھنؤ: اترپردیش اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں آج تقریباً61 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس مرحلے میں بارہ اضلاع میں 53سیٹوں کے لئے ووت ڈالے گئے۔ ریاست کے چیف الیکشن افسر کے دفتر کے مطابق مہوبہ کوچھوڑ کر کسی دیگر مقام سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔ مہوبہ میں آج صبح سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے حامیوں کے درمیان فائرنگ میں پانچ لوگ زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعہ میں مہوبہ اسمبلی سیٹ سے بی ایس پی کے امیدوار اری مردن سنگھ کے رشتہ دار اور آزاد امیدوار راکیش سنگھ، سماج وادی پارٹی امیدوار سدھ گوپال ساہو کا بیٹا ساکیت اور پارٹی کارکن طارق سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ الیکشن کمیشن کے مبصر کے اتھ ضلع الیکشن افسر اے کے سنگھ ، پولیس ایس پی گورو سنگھ نے جائے واقعہ کا دورہ کیا۔
اس مرحلے میں کل 680 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں خواتین امیدواروں کی تعداد 61 ہے۔ سب سے زیادہ 26 امیدوار الہ آباد شمالی سیٹ پر ہیں۔ سب سے کم 6 امیدوار کھاگا اسمبلی (فتح پور)، کنڈا (پرتاپ گڑھ) اور منجھن پور (کوشامبی) میں ہیں۔ اس دوران 1,84,82,166 کروڑ ووٹر اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لئے جا رہے ہیں۔ اس میں مرد ووٹروں کی تعداد 1,00,31,093 اور خواتین ووٹروں کی تعداد 84,50,039 ہے۔