60-Year-Old Scooter Rider Killed in Container Truck Accident Near Usman Nagar, Bhatkal
06:38PM Sun 1 Nov, 2026
بھٹکل: 31 اکتوبر،2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کے عثمان نگر سیکنڈ کراس کے قریب پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں 60 سالہ اسکوٹر سوار محمد قاسم کی موت ہوگئی۔ وہ پیشے سے درزی تھے اور اولڈ بس اسٹینڈ کے قریب اپنی ٹیلرنگ کی دکان چلاتے تھے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق محمد قاسم روزانہ کی طرح دکان بند کرنے کے بعد اسکوٹر پر اپنے گھر گلمی کی طرف روانہ ہوئے تھے۔ اسی دوران قدوائی روڈ سے نیشنل ہائی وے پار کرتے وقت مینگلور سے ہوناور کی جانب جارہی ایک تیز رفتار کنٹینر گاڑی نے ان کے اسکوٹر کو ٹکر مار دی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ محمد قاسم اسکوٹر سمیت سڑک پر گر پڑے، جبکہ کنٹینر اسکوٹر کو کافی دور تک گھسیٹتا ہوا لے گیا۔ حادثے میں وہ کنٹینر کے پہیوں کی زد میں آگئے اور موقع پر ہی ان کی موت واقع ہوگئی۔
حادثے کی خبر پھیلتے ہی جائے وقوع پر لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ واقعے کے باعث کچھ دیر کے لیے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور ضروری کارروائی کے بعد نعش کو بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کی گئی۔