کسانوں کو سالانہ 6ہزار معاوضہ رقم بجٹ میں اراضی ملکیت کی شرط نامناسب : دیش پانڈے

03:02PM Sat 2 Feb, 2019

بنگلورو۔ 2 فروری،2019 (سالارنیوز)مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کردہ عبوری بجٹ شیٹ میں کسانوں کو سالانہ6؍ہزار روپئے امداد جاری کرنے کی اسکیم کو 2ایکڑ اراضی پر مشروط کرنا مناسب نہیں ہے۔ یہ بات ریاستی وزیر برائے محصولات آروی دیش پانڈے نے کہی ۔ مرکزی وزیر پیوش چاؤلہ کی طرف سے کل بروز جمعہ پیش کیے گئے عبوری بجٹ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے دیش پانڈے نے کہا کہ آج ملک بھر میں زرعی شعبہ مشکلات سے دو چار ہے کسان پریشان ہیں، ایسی حالت میں زمین کی ملکیت پرکسی بھی قسم کی حد بندی نہ کرتے ہوئے تمام کسانوں کویہ امداد جاری کی جانی تھی۔ اس مدد سے کسانوں کی دستگیری ہوتی۔ اسی طرح غیر منظم شعبہ کے مزدوروں کو60سال مکمل کرنے کے بعد ماہانہ صرف3ہزار روپئے پنشن کااعلان کیا گیا ہے ۔ اس رقم میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس طرح کرنے سے ہی غیر منظم سیکٹر کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے ماہی گیروں کی امداد کے لئے علاحدہ محکمہ شروع کیے جانے کے اعلان پر خوشی کا اظہار کیا۔