پنجاب سے پیدل بہار جا رہے 6 مہاجر مزدور سڑک حادثہ میں ہلاک
12:18PM Thu 14 May, 2020
لاک ڈاؤن کے درمیان مہاجر مزدورں کا اپنے گھر کی طرف پیدل سفر جاری ہے۔ اس پیدل سفر میں انھیں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ وہ مختلف طرح کے حادثات کا شکار بھی ہو رہے ہیں۔ تازہ معاملہ اتر پردیش کے مظفر نگر-سہارنپور اسٹیٹ ہائیوے کا ہے جہاں بدھ کی دیر رات سڑک حادثہ میں پیدل چل رہے 6 مہاجر مزدوروں کی موت ہو گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ رات کے تقریباً 1 بجے 8 مہاجر مزدوروں کو ایک روڈویز بس نے روند دیا۔ یہ سبھی مزدور پنجاب سے پیدل بہار اپنے گھر لوٹ رہے تھے۔ اس حادثے میں 6 مزدور جائے وقوع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ باقی دو مزدوروں کو زخمی حالت میں میرٹھ میڈیکل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان مہاجر مزدوروں کا تعلق بہار کے گوپال گنج ضلع سے تھا۔6 migrant workers who were walking along the Muzaffarnagar-Saharanpur highway killed after a speeding bus ran over them late last night, near Ghalauli check-post. Case registered against unknown bus driver. pic.twitter.com/s81e7gpYkH
— ANI UP (@ANINewsUP) May 14, 2020
حادثہ مظفر نگر کے گھلولی چیک پوسٹ سے ٹھیک آگے روہانا ٹول پلازہ کے پاس ہوا ہے اور سٹی کوتوالی انچارج انل کپروان نے 6 مزدوروں کی موت سے متعلق تصدیق کر دی ہے۔ انل کپروان نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ حادثے میں مرنے والوں کی شناخت ہرک سنگھ (51 سال)، وکاس (22 سال)، گڈو (18 سال)، وسودیو (22 سال)، ہریش (28 سال) اور ویریندر (28 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولس مہلوکین کے اہل خانہ سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کچھ نیوز پورٹل پر شائع خبروں کے مطابق حادثہ کے بعد روڈویز بس کو چھوڑ کر اس کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔ اس نامعلوم بس ڈرائیور کے خلاف کیس درج کر لیا گیا ہے اور اس کی تلاش پولس کر رہی ہے۔ سٹی کوتوالی انچارج کپروان کا کہنا ہے کہ بس میں کوئی مسافر نہیں تھا اور فی الحال کوئی پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت نہیں ہے۔ ایسے میں ممکن ہے کہ یہ بس ریسکیو آپریشن کا حصہ ہو اور لوگوں کو چھوڑ کر آ رہی ہو۔