اسرائیل نے ساڑھے 6 گھنٹوں میں ہی ایران کی نیوکلیئر تفصیلات چوری کی ، ساتھ لے گئے 5 کوئنٹل دستاویزات
02:06PM Mon 16 Jul, 2018
Share:
اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد نے اس سال جنوری میں ایران کے نیوکلیائی پروگرام سے وابستہ فائلیں چوری کرلی ہیں۔ نیویارک ٹائمس کی خبر کے مطابق موساد نے 31 جنوری کو اس آپریشن کو انجام دیا ۔ موساد کے ایجنٹوں نے تہران کے صنعتی علاقہ میں ایک ویئرہاوس میں سیندھ لگائی اور صبح سات بجے کی شفٹ شروع ہونے سے پہلے چھ گھنٹے 29 منٹ میں اپنا کام پورا کرلیا ۔ آپریشن کے دوران انہوں نے ویئرہاوس کے الارم کو بند کردیا ، دو دروازوں کو توڑا ، درجنوں تجوریوں کے دروازوں کو جلاکر کھولا اور دستاویز لے کر نکل گئے ۔
خبر کے مطابق موساد کے ایجنٹوں کے پاس آگ لگانے والی ایسی ٹارچیں تھیں جو 2000 ڈگری سیلسیس کی گرمی پیدا کرکے آگ لگا سکتی ہیں۔ ان کی مدد سے انہوں نے تجوریوں کے دروازوں کو جلادیا ۔ بتایا جارہا ہے کہ اس کام میں اسرائیل کو کسی اندرونی شخص نے بھی مدد کی ، کیونکہ آپریشن کے دوران موساد نے صرف انہیں تجوریوں کو کھولا ، جن میں نیوکلیئر پروگرام سے وابستہ کاغذات تھے۔ جن تجوریوں میں ایسے کاغذات نہیں تھے، انہیں ہاتھ تک نہیں لگایا۔
آپریشن مکمل کرنے کے بعد اسرائیلی ایجنٹ تقریبا پانچ کوئنٹل خفیہ سامان اپنے ساتھ لے گئے۔ ان میں 50 ہزار صفحات اور 163 سی ڈیزشامل ہیں۔ ان سی ڈیز میں نیوکلیئر پروگرام سے وابستہ ویڈیو ، فائلیں اور منصوبے بتائے جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے 2015 میں امریکہ ، یوروپی یونین ، روس اور چین کے ساتھ نیوکلیئر معاہدہ کے بعد ویئر ہاوس میں دستاویز جمع کرنا شروع کردیا تھا ۔ اس سمجھوتے کی وجہ سے ہی اقوام متحدہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام کی جگہوں تک رسائی حاصل کرسکا تھا۔