سعودی عرب:تیز بارش، ٹریفک حادثات میں ایک معتمر جاں بحق،6 زخمی

12:44PM Wed 27 Apr, 2016

سعودی عرب میں تازہ طوفانی بارشوں اور آندھی کے نتیجے میں دو الگ الگ واقعات کے دوران ایک معتمر جاں بحق اور کم سے کم چھ زخمی ہوگئے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مسجد حرام کے قریب تیز ہوا کے باعث ہوٹل کی کھڑکی ٹوٹ کرنیچے آگری جس کے نتیجے میں وہاں موجود چھ عازمین عمرہ زخمی ہوگئے۔ مکہ مکرمہ میں خراب موسم کے باعث تین گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجےمیں ایک معتمر جاں بحق ہوگیا۔ گاڑیوں کے تصادم کا واقعہ مکہ مکرمہ میں الشرائع کالونی میں پیش آیا۔ سعودی ہلال احمر کے ترجمان عبدالعزیز بادومان کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک معتمر شدید زخمی ہوگیا جو اسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔ ہوٹل میں کھڑکی لگنے سے زخمی ہونےوالے چھ میں سے تین معتمرین کو شاہ فیصل اسپتال اور ایک کو اجیاد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کیا گیا ہے۔ دو معتمرین کو معمولی زخم آئے تھے۔ انہیں موقع پر طبی امداد فراہم کردی گئی تھی۔